زاہد بشیر
گول// ضلع رام بن کے زون گول میں کئی سکولوں میں دسویں جماعت کے نتائج صفر آنے کی خبر منظر پر آتے ہی سب ڈویژن گول کے کئی علاقوں میں سکولوں میں تدریسی عملہ کی شدید قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔ اس س سلسلے میں سنگلدان کے بڑا کنڈ علاقہ میں لوگوں نے ہائی سکول میں اساتذہ کی شدید قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے سکول ہذا میں اس وقت135سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں لیکن یہاں پر اس وقت صرف5ہی ٹیچر ہیں جن میں سے دو کاغذات و دیگر کاموںمیں مصروف رہتے ہیں اور تین ٹیچر135بچوں کو پڑھائیں گے یا نگرانی کریں گے ۔ مظاہرین نے احتجاج کے دوران کہا کہ حالیہ دسویں جماعت کے نتائج یہاں پر کافی منفی آئے ہیں اور تمام سکول کے ا گر نتائج دیکھا جائے تو نا کے برابر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر پہلے سے ہی اساتذہ کی شدید قلت پائی جا رہی ہے اور 7میں سے دو اساتذہ کو یہاں سے تبدیل کیا گیا ہے جو کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہاں پر یہی سلسلہ رہا تو آنے والے وقت میں سکول کو ہی بند کرنا پڑے گا اور والدین مجبور ہو کر کسی دوسرے سکول میں اپنے بچوں کا داخلہ کرائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں چیف ایجوکیشن آفیسر رام بن کے پا س بھی گئے جنہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کل جلد از جلد آپ کو دوسرا استاد دیا جائے گا لیکن آج تک کوئی دوسرا استاد نہیں آیا جس وجہ سے ہمارے بچوں کی پڑھائی پر کافی منفی اثر پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر 15اگست تک ہمارے ساتھ انصاف نہیں ہوا تو ہم اپنے بچوں کویہاں سے اٹھا لیں گے اور سنگلدان میں گول رام بن شاہراہ پر دھرنا دیں گے اور اگر ضرورت پڑی تو ضلع ہیڈ کوارٹر پر بھی دھرنا دینے سے گریز نہیں کریں گے ۔