زاہد بشیر
گول//سب ڈویژن گول کے داڑم علاقہ میں لوگوں نے محکمہ صحت میں ڈاکٹروں کی عدم دستیابی پر شدید احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سرکار سے جلد از جلد ڈاکٹر کی پوسٹ دینے کی مانگ کی ۔احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ داڑم بلاک کے ساتھ دور دراز علاقوں کے لوگ وابستہ ہیں لیکن یہاں پر محکمہ صحت کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہاں کوئی بیمار ہوتا ہے تو اُس کے لئے کوئی ایمبو لینس بھی نہیں ہے ۔
مظاہرین نے کہا کہ اگر سرکار کے پاس ڈاکٹروں کی شدید قلت ہے تو یہاں پر یہ سینٹر کیوں کھولا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں اگر کوئی بیمار ہوتا ہے تو سنگلدان پہنچنے تک اس کی موت ہو جاتی ہے ۔ مظاہرین نے کہا کہ ہیلتھ سینٹر میں ڈاکٹر کی عدم دستیابی ودیگر سہولیات کی عدم دستیابی پر اگر چہ کئی مرتبہ ڈی سی رام بن ، ڈی ڈی سی چیئر پرسن کے پاس بھی گئے لیکن کوئی نتیجہ بر آمد نہ ہو سکا ۔
انہوں نے گورنرانتظامیہ سے مطالبہ کیاکہ جلد از جلد ہسپتال میں عملے کی تعیناتی عمل میں لائی جائے تا کہ لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا نا کرنا پڑے۔