ایم ایم پرویز
رام بن// صوبہ جموں کے ضلع رام بن کے ایجوکیشن زون گول میں حال ہی میں 10ویں جماعت کے امتحانات کے اعلان کردہ نتائج میں تین سرکاری ہائی سکولوں نے صفر فیصد نتیجہ پیش کیا۔تعلیمی زون کے دیگر سکولوں نے بھی خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ رام بن ضلع میں خاص طور پر ایجوکیشن زون گول میں سرکاری سکولوں کی ناقص کارکردگی کے اعداد و شمار ضلع میں پھنسی ہوئی تعلیم کو پٹری سے اترنے کا اشارہ ہے۔محکمہ تعلیم کے اعدادوشمار کے مطابق تین گورنمنٹ ہائی سکولوں نے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے سیشن 2022-23 کے نتائج میں صفر فیصد رزلٹ ریکارڈ کیا جس کا اعلان19جون کو ہوا تھا۔سی ای او آفس رام بن کی طرف سے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول ہارا، چیچواہ اور بڑاکنڈ میں صفر فیصد نتائج آئے۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گورنمنٹ ہائی اسکول ہارا کے سات طلبہ امتحان میں شریک ہوئے، چیچواہ میں 52 طلبہ اور بڑاکنڈ میں 17 طلبہ امتحان میں شریک ہوئے اور ہر جگہ صفر فیصد نتیجہ درج کیاگیا۔اسی طرح اسی ایجوکیشن زون گول کے گورنمنٹ ہائی سکول ہڑوگ میں 31 طلباء نے امتحانات میں شرکت کی اور صرف ایک طالب علم نے پاس ہوسکا۔گورنمنٹ ہائی سکول بھیمداسہ میں 34 میں سے صرف دو طالبات نے پاس ہوئیںجبکہ ہائی سکول گاگرہ میں 13 میں سے صرف ایک طالب علم نے پاس کیا،ہائی سکول تنگلی میں 16 میں سے صرف دو طالبات نے کامیاب ہوئیں،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گول میں 64 طالبات میں سے صرف 13طالبات نے امتحان پاس کیا۔گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول گول کے 69 طلباء نے امتحانات میں شرکت کی اور 8 طلباء نے کامیابی حاصل کی۔ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول میں 102 طلباء میں سے 22 نے امتحان پاس کیا۔صرف ایک گورنمنٹ ہائی سکول بنکوٹ، بانہال نے 100فیصد نتیجہ ریکارڈ کیا جہاں 20 طلباء امتحان میں شریک ہوئے اور سبھی نے امتحان پاس کیا۔سالانہ امتحانات میں کل 4904 طلباء نے شرکت کی جن میں سے 2386 نے کامیابی حاصل کی۔ ضلع میں مجموعی طور پر پاس ہونے کا تناسب 48.65 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔علاقے کے لوگوں نے گول سب ڈویژن میںبگڑے تعلیمی نظام پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے علاقے کے سرکاری اسکولوں کی خراب کارکردگی کیلئے محکمہ تعلیم کو ذمہ دار ٹھہرایا ۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ اور سکول ایجوکیشن جموں کے ڈائریکٹر سکولوں میں مناسب تدریسی عملہ فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔علاقے کے لوگوں نے ایک بار پھر اس سلسلے میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں اور گورنر انتظامیہ کی توجہ مبذول کرائی تاکہ سکولوں میں مناسب تدریسی عملہ تعینات کر کے پٹری سے اترتے ہوئے تعلیمی نظام کو بہتر بنایا جائے۔