محمد تسکین
بانہال// جمعہ کی صبح سے ہی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت معمول کے مطابق جاری ہے اور صبح سے امرناتھ یاترا کے دونوں طرف سے سفر کرنے والے یاتریوں کے قافلوں کے بعد معمول کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ جمعہ کی علی الصبح تین اور چار بجے کے درمیان شری امرناتھ یاترا میں شامل 1198 یاتریوں کو 46 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں پہلگام اور بالہ تل کے راستے پوتر گپھا کی طرف جانے کی اجازت دی گئی جبکہ بالہ تل سے جموں کی طرف 1348 یاتریوں کو 64 گاڑیوں میں جانے کی اجازت دی گئی۔ اْنہوں نے کہا کہ بعد میں جنوں اور سرینگر سے دو طرفہ مسافر ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں وادی کشمیر سے ٹرکوں کو جنوں کی طرف چھوڑ دیا گیا اور ٹریفک کی روانی کا سلسلہ جمعہ شام تک بغیر کسی خلل کے جاری تھا۔