عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)نے دہشت گردی کی سازش کے ایک معاملے میں جمعہ کو کشمیر میں پانچ مقامات پر چھاپے مارے۔یہ چھاپے وادی کے کئی اضلاع میں جاری رہے۔حکام نے بتایا کہ چھاپے جموں میں 2022 میں درج دہشت گردی کی سازش کے ایک مقدمے کی جاری تحقیقات کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ پانچ مقامات پر تلاشیاں جاری رہیں۔یہ مقدمہ جسمانی اور سائبر اسپیس دونوں جگہوں پر ایک سازش سے متعلق ہے، اور ممنوعہ دہشت گرد تنظیموں کے ذریعے جموں و کشمیر میں چسپاں بموں، آئی ای ڈیز اور چھوٹے ہتھیاروں سے پرتشدد دہشت گردانہ حملوں کو انجام دینے کے منصوبوں سے متعلق ہے۔یہ منصوبے ان دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے جموں و کشمیر میں امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کے لیے مقامی نوجوانوں اور زیر زمین کارکنوں کے ساتھ مل کر دہشت گردی اور تشدد کی کارروائیاں کرنے کی ایک بڑی سازش کا حصہ ہیں۔