عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// پرائیویٹ سیکٹر کو 12 میں سے 6 جوہری معدنیات بشمول لیتھیم، اور سونے اور چاندی جیسی گہرائی میں موجود معدنیات کی کھدائی کی اجازت دینے کا بل، بدھ کو راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے واک آٹ کے درمیان منظور کر لیا گیا۔ کوئلہ اور کانوں کے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے مائنز اینڈ منرلز (ترقی اور ریگولیشن)ترمیمی بل 2023 کو پیش کیا۔اس بل کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا نے صوتی ووٹ سے منظور کر لیا۔ اسے گزشتہ ماہ لوک سبھا نے منظوری دی تھی۔اس سے قبل، تمام 12 جوہری معدنیات کو ریاستی ملکیتی اداروں کے ذریعہ کان کنی اور تلاش کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ اس بل نے دی مائنز اینڈ منرلز(ترقی اور ضابطہ)ایکٹ 1957 میں ترمیم کی۔جوہری معدنیات جو نجی شعبے کی تلاش کے لیے کھولی جائیں گی ان میں لیتھیم (برقی گاڑیوں اور توانائی ذخیرہ کرنے والے آلات کے لیے بیٹریاں بنانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں)، بیریلیم، نائوبیم، ٹائٹینیم، ٹینٹلم اور زرکونیم ہیں۔یہ بل مرکزی حکومت کو خاص طور پر کان کنی کے لیز اور کچھ اہم معدنیات کے لیے جامع لائسنس کی نیلامی کرنے کا اختیار بھی دیتا ہے۔گہری بیٹھی ہوئی معدنیات میں سونا، چاندی، تانبا، زنک، سیسہ، نکل، کوبالٹ، پلاٹینم گروپ معدنیات اور ہیرے شامل ہیں۔ سطحی یا بلک معدنیات کے مقابلے میں ان کی تلاش اور کھودنا مشکل اور مہنگا ہے۔