عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر اور لداخ کے ہائی کورٹ کے کالجیم نے ایڈوکیٹ محسن قادری کی بطور جج تقرری کے لیے اپنی منظوری دے دی ہے، اور توقع ہے کہ باضابطہ سفارش جلد ہی سپریم کورٹ کالجیم اور وزارت قانون کو بھیجی جائے گی۔سرکاری ذرائع کے مطابق، “کالجیم کی میٹنگ، جس کی صدارت چیف جسٹس این کوتیشور سنگھ نے کی اور جس میں جسٹس تاشی ربستان اور جسٹس اتل سریدھرن نے شرکت کی، دو دن قبل ایڈوکیٹ قادری کے نام کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا، “جسٹس علی محمد ماگرے کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے ہائی کورٹ میں فی الحال ایک اسامی خالی ہے۔ مزید برآں، جسٹس موہن لال منہاس کی آئندہ ریٹائرمنٹ کی وجہ سے اس سال نومبر میں ایک اور جوڈیشل آفیسر کی آسامی خالی ہونے کی توقع ہے۔مزید برآں کالجیم نے سینئر ترین جوڈیشل آفیسر، محمد یوسف وانی کے کیس پر بڑے پیمانے پر تبادلہ خیال کیا، جو اس وقت سری نگر میں جموں و کشمیر کے خصوصی ٹریبونل کے رکن کے طور پر ڈیپوٹیشن پر ہیں۔ جسٹس موہن لال منہاس کی ریٹائرمنٹ کے بعد پیدا ہونے والی اسامی پر وانی کی تقرری کا امکان ہے۔ کالجیم نے اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی قائم کی ہے اور جانچ کا عمل شروع کر دیا ہے۔
“ایڈووکیٹ قادری کے لیے سفارش جلد ہی کالجیم کو بھیجی جائے گی، جب کہ وانی کے لیے ایک جانچ پڑتال کے عمل کے اختتام کے بعد شروع کی جائے گی، جس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے،” ۔اس کے ساتھ ساتھ، کالجیم نے جسٹس راہول بھارتی کی تصدیق کا عمل بھی شروع کر دیا ہے، جو فی الحال ایڈیشنل جج کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی تصدیق سے متعلق تمام متعلقہ دستاویزات، بشمول جسٹس بھارتی کے اہم فیصلے، جلد ہی سپریم کورٹ کالجیم اور مرکزی وزارت قانون کو بھیجے جائیں گے۔ابھی تک، جموں و کشمیر اور لداخ کی ہائی کورٹ میں 17 ججوں کی منظور شدہ تعداد ہے، جس میں 13 مستقل جج اور 4 ایڈیشنل جج شامل ہیں۔