عظمیٰ نیوز ڈیسک
اندور( مدھیہ پردیش)// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد ’انڈیا’ کو بالواسطہ نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے آرٹیکل 370 کو 70 سال تک بچوں کی طرح پالا۔ آرٹیکل 370 کی منسوخی کا پورا کریڈٹ وزیر اعظم نریندر مودی کو دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ کانگریس نے اپنے 70 سالہ دور حکومت میں آرٹیکل 370 کو بچوں کی طرح گود میں پالا۔ کانگریس سمیت ان کے اتحاد کی تمام پارٹیاں اسے ہٹانے کے خلاف تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘سونیا منموہن کی حکومت’ میں پاکستان سے کوئی بھی آکر ہمارے ملک پر حملہ کرتا تھا اور اس وقت کی حکومت کو اس کی پروا تک نہیں ہوتی تھی۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی آمد کے بعد پاکستان یہ بھول گیا کہ اب ہندوستان میں حکومت بدل گئی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جب پاکستان نے 2019 میں اوڑی اور پلوامہ میں فوج اور سی آر پی ایف پر حملہ کیا تھا، لیکن وہ بھول گئے کہ یو پی اے حکومت اقتدار میں نہیں ہے، یہ بی جے پی کی حکومت ہے اور مونی بابا منموہن سنگھ نہیں، بلکہ نریندر مودی وزیر اعظم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، “15 دنوں میں، ہمارے جوانوں نے سرجیکل اسٹرائیک اور فضائی حملے کیے، پاکستان کے گھر میں گھس کر دہشت گردوں کو ختم کیا اور ان دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو پھاڑ دیا۔”امیت شاہ نے کہا، “اس سے پہلے 2004-14 میں سونیا-منموہن کی حکومت کے دوران، عالیہ، مالیہ، جمالیہ پاکستان سے آتے تھے، ہمیں گولی مار کر بم پھینکتے تھے اور چلے جاتے تھے۔
لیکن مرکزی حکومت نے جواب تک نہیں دیا،” ۔2019 میں آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے، امت شاہ نے کانگریس قیادت پر الزام لگایا کہ وہ کشمیر کے بارے میں ریاست کے لوگوں کی آواز نہیں سن رہی ہے۔”مجھے بتائیں، کشمیر ہمارا ہے یا نہیں؟ آرٹیکل 370 کو جانا چاہیے تھا یا نہیں؟ ۔کانگریس پر آرٹیکل 370 کو طویل عرصے تک برقرار رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے شاہ نے کہا، “کانگریس آرٹیکل 370 کو پچھلے 70 سالوں سے بچے کی طرح پال رہی ہے۔ دوسری بار بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت بنی اور 5 اگست کو 2019، مودی جی نے آرٹیکل 370 کو منسوخ کیا اور کشمیر کو باقی ہندوستان کے ساتھ ضم کر دیا۔