بلال فرقانی
سرینگر// نسیم باغ سرینگر میں ناقص ڈرنیج نظام کے نتیجے میںحالیہ بارشوں سے اندرونی سڑک ہنوز زیر آب ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہوکررہ گئے ہیں۔ نسیم باغ لین نمبر1 کے مکینوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی حالت اس قدر ناگفتہ بہہ ہے کہ معمولی بارشوں کا پانی بھی ان کے گھروں میں داخل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کالونی کی اندرونی سڑکیں آمدورفت کے قابل نہیںہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سڑک میں جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں جس کے نتیجے میں سڑکیں اب جھیل کا منظر پیش کرتی ہیں۔ غلام حسن نامی ایک مقامی شہری نے بتایا کہ سڑک پر بارشوں کا پانی جمع ہوکر انکے گھروں میں داخل ہوتا ہے۔مذکورہ شہری کے مطابق انہوں نے دو بار اپنے صحن کی دیوار تعمیر کرائی اور اب اس میں پھر سے دراڈیں پڑ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو لیکر اگرچہ مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے بھی رابطہ قائم کیا لیکن مسلسل یقین دہانیوں کے سوا کچھ نہیں کیا گیا۔ فردوس احمد راہ نامی ایک اور شہری نے بتایا کہ کافی عرصہ قبل اس سڑک پر میکڈم بچھایا گیا تاہم اس کے بعد سڑک خستہ ہوئی اور لوگوں نے متعلقہ حکام سے اس سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیالیکن ہمیشہ ان سنی کردی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں اس سڑک سے گرد و غبار اٹھتا ہے جس کی وجہ سے بچے اور بزرگ زکام اور کھانسی کے امراض میں مبتلا ہوتے ہیں جبکہ بارشوں کے دورانچلنا پھرنا محال ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے بروقت اقدام نہیں کیا تو انکے گھروں میں نہ صرف پانی داخل ہوگا بلکہ ان کے مکانات بھی خستہ ہونگے۔انہوں نے متعلقہ حکام سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کو فوری طور پر دیکھیں۔ا س سلسلے میں سٹی روڑ ڈویژن کے ایگزیکٹو انجینئرامتیاز احمد نے کہا کہ سال رواں کے منصوبہ کو ابھی تک سرینگر میونسپل کارپوریشن کی ایگزکیٹو کمیٹی نے منظور نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں کئی سڑکوں پر میکڈم بچھانے کا کام پلان میں ہے تاہم ابھی تک منظوری نہیں ملی اور جونہی منظوری ملے گی تومیکڈم بچھایا جائے گا۔