بلال فرقانی
سرینگر// اسمارٹ سٹی مشن نے واضح کیا ہے کہ شہر میں منی بسوں اور چھوٹی مسافر بردار گاڑیوں کیلئے مستقل بنیادوں پر اڈے قائم کرنے کا انہیں منڈیٹ نہیں ہے۔ اسمارٹ سٹی مشن کے پبلک انفارمیشن افسر کا کہنا ہے کہ سمارٹ سٹی مشن کو منی بسوں اور سوموگاڑیوں(چھوٹی مسافر بردار گاڑیوں) کیلئے مستقل بنیادوں پر اڈے قائم کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر کو مزید جاذوب نظر،خوبصورت اور دلکش کے علاوہ ماحول دوست بنانے کیلئے سرینگر سمارٹ سٹی مشن لمیٹیڈ نے انفامیشن ٹیکنالوجی کی بنیاد پر سڑکوں سے باہر و سڑکوں پر پارکنگ نظام و مقامات کو چلانے او دیکھ بال کے کام کو ہاتھوں میں لیا ہے۔
پبلک انفارمیشن افسر کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ موثر پارکنگ انتظام سڑکوں کی جگہ کا موثر استعمال کرنے کیلئے ایک اہم آلہ ہے۔انکا کہنا تھا کہ اس سے راہگیروں،سائیکل سواروں،مسافربردار ٹرانسپورٹ اور دیگر گاڑیوں کو معقول جگہ اور آزادانہ نقل وحمل کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔اسمارٹ سٹی لمیٹیڈ کا کہنا ہے کہ اب تک اسمارت سٹی مشن کیلئے388کروڑ40لاکھ روپے موصول ہوئے ہیں جس میں سے309کروڑ19لاکھ روپے کا تصرف عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سمارٹ سٹی مشن کے تحت42 پروجیکٹ اب تک پائے تکمیل کو پہنچے اور83پر کام جاری ہے۔سمارٹ سٹی مشن کے افسر نے تاہم واضح کیا ہے کہ رقومات کی عدم دستیابی کے نتیجے میں کوئی بھی پروجیکٹ بند نہیں ہوا ہے۔ اسمارٹ سٹی مشن کے پبلک انفارمیشن افسر کا کہنا ہے کہ ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ کے خوانچہ فروشوں کیلئے مگھر مل میں علیحدہ زون تیار کیا گیا ہے،جہاں پر150ریڑی نما دکانیں تیار کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس جگہ پر ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ کے پٹری فروشوں کو آباد کیا جائے گا جبکہ انکی نشاندہی سرینگر میونسپل کارپوریشن نے پہلے ہی کی ہے۔پبلک انفارمیشن افسر نے مزید کہا کہ بٹہ مالو،قمر واری روڑ کے خوانچہ فروشوں کیلئے بٹہ مالو میں علیحدہ جگہ کا انتخاب کیا جائے گا۔