رمیش کیسر
نوشہرہ //جمعہ کی صبح سیکورٹی فورسز نے راجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن کے جھنگڑ لائن آف کنٹرول پر شروع کی گئی کارروائی کے دوران منشیات کی ایک کھیپ برآمد کر لی۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجوری نے لائن آف کنٹرول کے پار اسمگلنگ کی ممکنہ کوشش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کوشش کو حکام کی جانب سے ناکام بنا دیاگیا ہے ۔
حکام کے مطابق جموں و کشمیر پولیس، ہندوستانی فوج اور بی ایس ایف نے ایک مخصوص انٹیلی جنس ان پٹ کی بنیاد پر مشترکہ طور پرایک آپریش شروع کیا تھا۔راجوری کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امرت پال سنگھ نے کہا کہ کچھ مخصوص انٹیلی جنس ان پٹ تھے جس کی بنیاد پر نوشہرہ سیکٹر میں جھنگڑ کے ایل او سی علاقے میں آپریشن شروع کیا گیا۔یہ آپریشن پولیس، علاقے کی آرمی یونٹ اور بی ایس ایف نے کیا جس کے دوران علاقے کو گھیرے میں لے کر وسیع پیمانے پر تلاشی لی گئی۔ایس ایس پی راجوری نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران منشیات کے 5 پیکٹ جن کا وزن 8 کلو تھا میںسے960 گرام منشیات برآمد ہوا جسے ضبط کرکے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔پولیس نے نوشہرہ تھانے میں ایک ایف آئی آرزیر نمبر 171/2023 U/Ss 8/21/22 NDPS ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ایس ایس پی امرت پال سنگھ نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ ضروری قانونی کارروائیاں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر منشیات کی اتنی بڑی مقدار کی برآمدگی ایل او سی کے پار اسمگلنگ کی ممکنہ کوشش کی طرف اشارہ کرتی ہے جسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔