سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا ہے،’’ میں شہداء کربلا کو سلام پیش کرتا ہوں اور حضرت اِمام حسین ؓ کی قربانیوں اور ان کے نظریات کو یاد کرتا ہوں ۔ایل جی نے ایک بیان میں کہا کہ آج وادیٔ کشمیر میں شیعہ بھائیوں کے لئے ایک تاریخی موقعہ ہے کیوں کہ 34برس بعد 8ویں محرم الحرام کا جلوس گرو بازار سے ڈلگیٹ تک روایتی راستے سے نکلا ‘‘ ۔آٹھویں محرم کا جلوس سال1989ء میں پابندی لگنے سے پہلے گرو بازا ر سے نکل کر اِما م بار گاہ ڈلگیٹ پر اِختتام پذیر ہوتا تھا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ محرم کے جلوسوں پر 34 برس سے روایتی روٹ پر پابندی تھی ، ہم شیعہ بھائیوں کے جذبات کا احترام کرتے ہیں اور میں کمیونٹی کو یقین دِلاتا ہوں کہ اِنتظامیہ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی ،یہ جموںوکشمیر یوٹی میں تبدیلی اور معمول پر آنے کا بھی ثبوت ہے‘۔اُنہوں نے مزید کہا کہ آج پوری دُنیا معاشرے میں پُر اَمن ماحول ، آزادی ، محبت ، ہمدردی اور ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا مشاہدہ کر رہی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’یہ اَمن کے تئیں اَپنی وابستگی کی تصدیق کرنے، جموںوکشمیر یوٹی کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خود کو وقف کرنے کا موقعہ ہے ۔ چند برسوں میں کئی تاریخی فیصلوںسے تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے اور ایک پُر اَمن جموںوکشمیر افق پر اُبھرا ہے ۔ آئیے اَپنے بندھنوں اور اِتحاد کو مزید مضبوط کریں۔‘‘