عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// سری نگر میں تین دہائیوں کے بعد محرم کے جلوس نکلنے پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
سنہا نے کہا، ”محرم کے جلوس کو 35 سال بعد سری نگر کی سڑکوں سے گزرتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی”۔
ادھر جموں و کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ تین دہائیوں کے بعد محرم جلوسوں کی بحالی جموں وکشمیر میں امن، سلامتی اور استحکام کی نشاندہی کرتے ہیں۔
بتادیں کہ تین دہائیوں کے بعد، حکام نے جمعرات کو کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں آٹھویں محرم کے جلوس کو اپنے روایتی راستے سے گزرنے کی اجازت دی۔
انتظامیہ نے صبح 6 بجے سے صبح 8 بجے تک جلوس کے لیے دو گھنٹے کی اجازت دی تھی۔ ہزاروں عزادار اس جلوس کا حصہ تھے، جلوس شہید گنج سے ڈلگیٹ کے روایتی روٹ پر نکالا گیا، یہ راستہ 1989 سے امن و امان کی صورتحال کے پس منظر میں جلوسوں کے لیے بند کر دیا تھا۔