عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر// پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کشمیر نے گذشتہ روز سول سیکرٹریٹ سری نگر میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی۔ چیمبر کے چیئرمین اے پی وکی شا کی قیادت میں اور سابق چیئر بلدیو سنگھ، شریک چیئر جاوید انیم، ہمایوں وانی، سجاد احمد شاہ اور اقبال فیاض جان کے ہمراہ وفد نے کاروباری اور صنعتی منظر نامے کو متاثر کرنے والے کئی اہم مسائل پر توجہ دی۔ چیمبر کی چیئر نے چیف سیکرٹری کو جموں وکشمیر کی پہلی کولڈ چین ایکسپو اور پی ایچ ڈی سی سی آئی کے زیر اہتمام بین الاقوامی موسمیاتی سمٹ کے لیے دعوت نامہ دیا۔ وفد نے مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (MSMEs) کو ادائیگیوں میں تاخیر، سیمنٹ انڈسٹری کو پیٹ کوک کی سپلائی میں رکاوٹ، فائنل ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) ایمنسٹی کی ضرورت، منظوری کے حصول میں مسلسل تاخیر سمیت اہم خدشات کو بھی اجاگر کیا۔
ایس ڈی اے سے زمین کے استعمال میں تبدیلی، عارضی رجسٹریشن کے بعد لائن آف ایکٹیویٹی میں تبدیلی کے زیر التوا مقدمات، کشمیر ہاٹ (نمایش گاہ) کی بحالی اور فروغ، اور موجودہ اور بیمار صنعتی اکائیوں کی بحالی وغیرہ بھی زیر بحث لائے گئے ۔مزید برآں، وفد نے مائیکرو اور سمال انٹرپرائزز سے جموں و کشمیر حکومت کے ہر محکمے میں کم از کم 20 فیصد کی خریداری کے آرڈر پر عمل درآمد کی درخواست کی۔اسکے علاوہ گلمرگ، پہلگام اور سونمرگ کے لیز کی تجدید کو بھی چیف سکریٹری کی توجہ میں لایا گیا۔چیمبر کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کو توجہ سے سنتے ہوئے، چیف سیکرٹری نے فوری طور پر بعض مسائل پر ہدایات فراہم کیں اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رہنمائی کی پیشکش کی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ میٹنگ میں ایک گہرائی سے بات چیت بھی ہوئی جہاں چیف سکریٹری نے ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے عزم پر زور دیا۔انہوں نے کاروباریوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ جدید ترین مہارتیں تیار کریں، جس سے وہ نہ صرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی مقابلہ کر سکیں۔