عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// حج ہاوس بمنہ کے قریب ٹرک کی زد میں آکر زخمی گوشبھ پٹن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون پیر کو سکمز میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ کو حج ہاوس کے قریب ٹرک کی زد میں آنے کے بعد گوشبھ پٹن کے رہائشی ریاض احمد کی اہلیہ حفیظہ شدید طور پر زخمی ہو گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسے علاج کے لیے جے وی سی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے اسے خصوصی علاج کے لیے سکمز صورہ منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم وہ پیر کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
دریں اثنا، ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ ٹرک کے ڈرائیور کو پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا ہے، گاڑی کو بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔