عظمیٰ نیوز سروس
کٹھوعہ// محکمہ ارضیات اور کان کنی کی ایک ٹیم نے ضلع معدنیات افسر راجندر سنگھ کی قیادت میں ضلع کے مختلف مقامات پر اچانک چھاپے مارے۔کریک ڈاؤن کے دوران، ٹیم نے ضلع کے علاقوں تراف تاجوال، لوگیٹ، سحر کھڈ، نگری روڈ، بسنت پور، گندیال، چڈوال، راجباغ اور ہریا چک کے علاقوں سے ریت اور بجری کی غیر قانونی کانکنی اور غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث 22 گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا۔ ڈی ایم او کٹھوعہ نے بتایا کہ ضبط شدہ گاڑیوں کو محکمہ کے قواعد کے مطابق قانونی رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد مقامی پولیس چوکیوں کے انچارج کے حوالے کیا گیا ہے۔
ضبط شدہ گاڑیوں کو مقررہ تاریخ پر جوائنٹ ڈائریکٹر آفس جموں میں جرمانہ ادا کرنے کے بعد ہی چھوڑا جائے گا۔قبل ازیں ضبطی کے دوران کچھ گاڑیوں کے مالکان نے بیدیاں ناکہ پر ضبط شدہ گاڑیوں کو پولیس کی تحویل سے زبردستی چھیننے کی کوشش کی اور ڈی ایم او کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی لیکن ایس ایچ او کٹھوعہ کی قیادت میں ایک پولیس پارٹی موقع پر پہنچی اور خلاف ورزی کرنے والوں کو موقع سے منتشر ہونے پر مجبور کیا۔ڈسٹرکٹ منرل آفیسر نے بتایا کہ یہ کارروائی 1957 کے ایم ایم ڈی آر ایکٹ اور 2016 کے ایس آر او 105 کے مطابق شروع کی گئی ہے جس میں کان کنی کی غیر قانونی سرگرمیوں اور معدنیات کی غیر قانونی نقل و حمل پر قابو پانے کے لیے افسران کو اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ راکیش منہاس نے پہلے ہی محکمہ ارضیات اور کان کنی کو ہدایت دی ہے کہ وہ کھڈوں اور نالہوں سے خام اور تیار معدنیات کو غیر قانونی طور پر اٹھانے پر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔