زاہد بشیر
گول؍؍گو ل کے مشہور سیاحتی مقام دگن ٹاپ پر گول میں میڈیا سے وابستہ افراد، پیس اینڈ ویلفیئر کمیٹی گول، سول سوسائٹی گول ، معزز شہریوں نے ایک مشترکہ طو رپر پھولوں کی شجر کاری میں حصہ لیا ۔ یہ شجر کاری پہلی مرتبہ تجرباتی طور پر کی گئی جس میں یہ دیکھا گیا کہ آیا اگر اس طرح کی شجر کاری کامیاب رہی تو آئندہ بھی پھولوں و دیگر پودوں کی شجر کاری کا اہتمام ہر سال بڑے پیمانے پر کیا جائے گا تا کہ گول کے سیاحتی مقامات کو دیدہ زیب بنایا جا سکے ۔ گول کے ان سیاحتی مقامات پر ایک ہی قسم کے قدرتی پھول ہوتے ہیں جو مارچ اپریل کے مہینے میں کھلتے ہیں لیکن بعد میں کھلنے والا کوئی بھی پھول یہاں پر نہیں ہے ۔
اس پہل کی ابتداء میڈیا سے وابستہ افراد نے کی جن کا ساتھ دیگر سماجی تنظیموں ، معز ز شہریوں نے کیا ۔ آج اس سلسلے میں گول و ملحقہ جات سے آئے ہوئے لوگوں نے مختلف اقسام کے پھولوں کے پودے لائے اور دگن ٹاپ میں لگائے تا کہ یہ دیکھا جا سکے کہ کس حد تک یہ کاروائی کامیاب رہے گی ۔ اس کے علاوہ آئندہ ہفتے بھی گول گھوڑا گلی چلڈرن پارک میں اسی طرح کے پھولوں کی شجر کاری کا اہتمام کیا جائے گا جس میں دیگر لوگوں کو بھی مدعو کیا جائے گا تا کہ گول بازار کے ساتھ بنی ہوئی پارک کو سجایا جا سکے ۔
گول کے سیاحتی مقامات پر اس طرح کی شجر کاری جس میں پھول اور پودے ہوں کی کافی ضرورت ہے اور ہر موسم میں لگانے والے پھولوں اور پودوں کی شجر کاری کا اہتمام لازمی ہے تا کہ ان سیاحتی مقامات کو مزید دیدہ زیب بنایا جا سکے ۔