عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// محکمہ باغبانی کی طرف سے ضلع راجوری کو بھی کشمیر کی طرح سیبوں کا شہر بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر شعبہ باغبانی جموں رام سیوک نے مینگو دیوس کے موقع پر ضلع راجوری کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد سب ڈویژن تھنہ منڈی کے راجدھانی علاقے میں ایک کیمپ کا انعقاد کیاجہاں انھوں نے علاقہ کے مختلف باغبانوں، پنچوں سرپنچوں اور دیگر کئی عوامی نمائندوں، کاشتکاروں اور کسانوں سے بات کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہارٹیکلچر نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے کسانوں کو باغبانی کے حوالے سے مختلف اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ہے۔
ڈائریکٹر موصوف نے کہا کہ جو لوگ اس شعبہ سے دلچسپی رکھتے ہیں انہیں گورنمنٹ کی طرف سے 90 ہزار کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لوگ بڑھ چڑھ کر اس شعبے میں آئیں تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل ہو سکے۔ انھوں نے کہا کہ سال 2021-22 میں انھوں نے یہاں پر پودے لگائے اور باغبانی کا کام شروع کیا اور اس وقت بھروٹ اور راجدھانی علاقہ میں سیبوں کی کم سے کم چار مختلف قسم کی فصل تیار ہو چکی ہے۔ اور سیب کے ثمر آور نتائج سے انھیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کاشتکاروں اور باغبانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے لئے زراعتی اور باغبانی کے شعبے کو وسعت دینے کی خواہاں ہے اور اس مقصد کے لئے فصلوں کی پیداوار میں بہتری لانے کے لئے جدید کاشتکاری کی تکنیک کا استعمال کرنے کی کوشش کی جاری ہے اور اس سلسلے میں کسانوں کو جہاں بھی دقت محسوس ہوئی محکمہ ان کی بھر پور معاونت کرے گا۔ انہوں نے اپنے ماتحت ملازمین سے کہا کہ وہ اس علاقے میں تن دہی اور لگن سے کام کریں۔ تاکہ کسانوں کو کسی بھی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
آفیسر موصوف کے مطابق ضلع راجوری میں اب تک تقریباً 74 کنال اراضی پر الٹرا ہائی ڈنیسٹی سیب لگائے گئے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں. وہیں فیلڈ ورکروں نے بتایا کہ جہاں سے صرف 3000 ہزار کی مکی ہوتی تھی وہیں سے پہلے ہی سال میں تقریباً 90000 ہزار روپے کا سیب فروخت ہوا ہے جو کہ انتہائی خوش آئند بات ہے۔ باغبانوں نے مزید کہا کہ اس کام میں چیف ہارٹیکلچر آفیسر، ڈسٹرکٹ ہارٹیکلچر آفیسر اور ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کے علاوہ ایریا مارکیٹنگ آفیسر راجوری، ایس ایم ایس، مارکٹنگ انسپکٹر راجوری کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکمہ کے تمام کارکنان نے انھیں بھرپور تعاون فراہم کیا۔ باغبانوں نے دیگر تمام زمینداروں سے بھی کہا کہ کاشتکار برادری کی فلاح و بہبود کے لیے محکمہ کی جانب سے جاری کردہ مختلف سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک قدم آگے بڑھائیں اور ان اسکیموں سے فوائد حاصل کریں کیونکہ محکمہ باغبانی جموں ڈویڑن کے مختلف سہولت کار مراکز میں اپنی پیداوار کی مارکیٹنگ میں ان کی امداد کرنے کا خواہشمند ہے۔ اس موقع پر ان کے ساتھ ڈسٹرکٹ ارٹیکلچر آفیسر شفقت خان کے علاوہ محکمہ کے دیگر تمام ملازمین اور اعلی عہدے داران بھی موجود تھے۔