ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل میں مختلف علاقوں میں موجود پٹرول پمپوں کی صارفین کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہونے کے بعد محکمہ لیگل میٹرولوجی گاندربل نے اسسٹنٹ کنٹرولر لیگل میٹرولوجی طارق احمد کی نگرانی میں گاندربل کے وسن اور باروسہ،اور باروسا میں واقع تین پیٹرول پمپوں کا معائنہ کیاجس دوران معلوم ہوا کہ وسن اور باروسہ میں موجود پٹرول پمپوں کے مالکان اپنے منیجروں کی ملی بھگت سے صارفین کو دو دو ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔
محکمہ کے اسسٹنٹ کنٹرولر طاریق احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان پٹرول پمپوں پر صارفین کو کم مقدار میں ایندھن فراہم کیا جاتا تھاجس کی بناء پر محکمہ لیگل میٹرولوجی نے تینوں پٹرول پمپ مالکان پر 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ ساتھ ہی پیٹرول پمپ مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ریٹیل آؤٹ لیٹس کی معمول کی ڈیلیوری چیک کرنے کے لیے 5 لیٹر کی گنجائش والے پیمانہ کا استعمال کرتے رہیں جو کہ محکمے کے ذریعہ تصدیق شدہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایندھن کی ترسیل میں کوئی خامی نظر آتی ہے تو ایندھن کی فروخت کو روکنا ضروری بن جائے گا ۔ادھر شوپیان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شوپیان سے لتر تک قائم کچھ پمپوں پر صارفین کیلئے لازمی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور لوگوں کا الزام ہے کہ ان پمپوں پر صرف ایندھن بھرا جاتا ہے جبکہ دیگر سہولیات کو جان بوجھ کر نظر اندازکردیا گیا ہے ۔عوامی حلقوںکا کہنا ہے کہ ان پمپوںپر آئل مارکیٹنگ کے رہنما خطوط پر عمل در آمد نہیں ہورہا ہے اوران کے خلاف ضلع انتظامیہ کو فوری کارروائی کرنیکی مانگ دہرائی ہے۔