محمد تسکین
بانہال//ضلع رام بن میں جاری بھاری بارشوں کے درمیان گرتے پتھروں کی زد میں آ کر ایک شہری لقمہ اجل بن گیا ہے، جبکہ علاقے میں پسی گرنے سے بھاری تباہی ہوئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق، سب ڈویژن رامسو کی تحصیل اُکڑال پوگل پرستان میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی ہے۔ بھاری پسی کے گرنے کی وجہ سے گوہالہ پوگل کی بستی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
اس دوران پنچایت سینابتی بی میں گرتے پتھروں کی زد میں آنے سے مقامی شہری کی موت واقع ہو گئی ہے۔ متوفی کی شناخت عبدالرشید بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکنہ چیولی کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کے سر میں پتھر لگنے سے شدید چوٹیں آئی تھیں۔
ادھر گوہالہ پوگل میں گرآئی پسی کی وجہ سے لوگوں میں خوف و دہشت کا ماحول ہے اور پورے علاقے میں درختوں اور کھیت کھلیانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
تحصیل اُکڑال پوگل پرستان میں ایک شہری کا مکان بھی تباہ ہوا ہے جبکہ نالہ پوگل پرستان پر بنے ایک پل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔