محمد تسکین
بانہا ل//بدھ کے روز پتھروں اور پسیوں کے گر آنے کی وجہ سے مجموعی طور دن بھر ٹریفک کیلئے بند رہنے کے بعد جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جمعرات کی صبح سے معمول کا ٹریفک دوبارہ بحال کیا گیا ہے اور دونوں طرف سے امرناتھ یاترا سمیت دیگر مسافر ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال اور ایندھن بردار گاڑیوں کو یکطرفہ ٹریفک میں جموں سے وادی کشمیر کی طرف آنے کی اجازت دی گئی ۔ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کی صبح سے شاہراہ پر معمول کا ٹریفک بحال کیا گیا ہے اور پہلے علی الصبح چندرکوٹ کے یاترا نواس میں بدھ کی صبح سے پہلگام کے راستے جانے والی اکیساسی چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سوار 2566درماندہ امرناتھ یاتریوں کے قافلے کو چندرکوٹ سے پہلگام کی طرف چلنے کی اجازت دی گئی اور اس دوران بھگوتی نگر جموں کے بیس کیمپ سے بھی بالہ تل اور پہلگام کے راستے جانے والی معمول کی یاترا میں شامل 6523 یاتریوں کو لیکر آرہی 262 چھوٹی بڑی گاڑیوں کو بھی معمول کے مطابق رام بن بانہال سیکٹر سے پار کرکے وادی کشمیر کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ یاترا ٹریفک کے بعد جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع نگروٹہ جموں سے صبح چھ بجے سے دوپہر بارہ بجے تک مسافر ٹریفک کو سرینگر کی طرف آنے کی اجازت تھی جبکہ قاضی گنڈ سے دن کے ساڑھے گیارہ بجے سے بعد دوپہر دو بجے تک مسافر گاڑیوں کو کٹ آف ٹائم کے دوران جموں کی طرف جانے دیا گیا اور ہزاروں کی تعداد میں مسافروں اور سیاحوں نے اپنی اپنی منزلوں کا سفر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز شاہراہ کا سفر کرنے والے مسافر سڑک اور موسم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہی سفر کریں اور کٹ آف ٹائمنگ کے اندر اندر ہی نکلیں تاکہ بعد میں انہیں شاہراہ پر پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔