محمد تسکین
بانہال//جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع رام بن بانہال سیکٹر میں اگرچہ بارشوں کا سلسلہ بدھ کی دوپہر بعد ہی تھم گیا تھا تاہم جمعرات کی صبح جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ناچلانہ کے قریب ایک فوجی ٹرک اوپر پہاڑی سے گر آنے والے ایک بھاری بھرکم درخت کی زد میں آگیا جس کے نتیجے فوجی ٹرک کے کیبن کو شدید نقصان پہنچا اور کیبن میں سوار سوار ڈرائیور اور دوسرا فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ۔ حادثے کے فورا بعد مقامی لوگوں ، پولیس ، کیو آر ٹی اور وہاں تعینات فوجی اہلکاروں نے بچائو کاروائیوں کا آغاز کیا اور تباہ ہوئے کیبن سے زخمی اہلکاروں کو نکال کر 23راشٹریہ رائفلز کے نزدیکی فوجی کیمپ واقع ناچلانہ میں ابتدائی طبی امداد کیلئے پہنچایا گیا۔اس حادثے میں ڈرائیور شدید طور سے زخمی ہوا ہے اور بعد میں دونوں زخمی اہلکاروں کو وقفے وقفے سے سب ضلع ہسپتال بانہال سے فوجی ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا ہے ۔درخت کے فوجی گاڑی پر گر آنے کے اس حادثے سے شاہراہ کے ٹریفک میں کچھ وقت کیلئے خلل پڑا تاہم بعد میں معمول کے ٹریفک کو دوبارہ بحال کیا گیا ۔