اشرف چراغ
کپوارہ//اپنا روز گار کمانے کے لئے گزریال کرالہ پورہ کے ایک نوجوان نے اپنے ہی گھر میں ایل ای ڈی بلب (روشنی خارج کرنے والابلب)تیار کر کے اپنا روز گار شروع کیا اور دوسرے بے روز گار نوجوانو ں کے لئے مشعل را ہ بن گیا ۔منظور رزاق لون ساکن گزریال جو ایک پڑھا لکھا نوجوان ہے جس نے بالغ ہوتے ہی اپنا روز گار کمانے کے لئے محنت کی لیکن کئی کامو ں میں تھک ہار کر آخر کار انہو ں نے اپنے ہی گھر میں ایل ای ڈی بلب تیار کرنے کے لئے ایک چھو ٹا سا کارخانہ قائم کیا جہاں منظور گزشتہ دو ماہ سے بجلی بلب تیار کر کے کپوارہ کے مختلف بازارو ں میں فرو خت کر کے اپنا روز ی رو ٹی کمارہاہے ۔
منظور نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہو ں نے دسویں پاس کیا لیکن گھر کی مفلسی نے اپنی تعلیم جاری نہ رکھ سکا اور 2003میں کرالہ پورہ میں ایک الیکٹرانک دکان میں کام شروع کیا لیکن وہا ں دن کی دھاڑی بھی پوری طرح نہیں ملتی تھی جس کے بعد کپوارہ قصبہ میں کراکری کی ایک دکان قائم کی اور یہ دکان ایک لمبے عرصے تک تھا لیکن اس دکان سے مشکل سے ہی گھر کا گزار ہ ہوتا تھا ۔منظور کا کہنا ہے کہ رو اں سال کے مارچ مہینے میں انہوں نے ایل ای ڈی بلب تیار کر کے بازارو میں فروخت کا من بنالیا لیکن اس کام کے لئے کسی نے بھی انکاساتھ نہیں دیا تاہم دوستو ں نے ہمت بڑھا دی اور اس کام کے لئے اپنا پورا تعاون پیش کیا ۔منظور نے بتایا کہ اس کے بعد انہو ں نے ایل ای ڈی بلب بنانے کے لئے مشینری لائی اور دلی میں قائم شائنگ لائٹ کارخانہ سے تمام چیزیں طلب کی ۔انہو ں نے کہا کہ شروع شروع میں انہیں یہ بلب تیار کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن آخر کار ان کی محنت رنگ لائی اور بڑے جوش اور جذبے سے ایل ای ڈی لیمپ تیار کیا ۔انہو ں نے کہا کہ ہر روز 15سے 20ایل ای ڈی بلب تیار کرتا ہے اور ہر ہفتہ ان کو ضلع کے مختلف بازارو ں میں فرو خت کرتا ہو ں ۔ان کا کہنا ہے ک بلب بازار میں 130رو پے میں ملتا ہے، مجھے 70روپے میں تیار ہوتا ہے اور اس سے صاف ظاہر ہے کہ اس تجارت سے ایک تو میں اپنا روز گار کما سکو ں گا اور دوسرے بے روز گار نوجوانو ں کو بھی اس کام میں شریک کرسکتا ہوں تاکہ وہ بھی اپنا روز گار کما سکیں ۔منظور کا کہنا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ بلب تیار کرنے کے لئے رات 1بجے تک کام کرتا ہے تاکہ گھر کی مالی حالت ٹھیک ہو سکے ۔