عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//مرکزی حکومت نے سبسڈی والے ٹماٹر کی قیمتیں جمعرات سے 80 روپے فی کلوگرام سے کم کر کے 70 روپے فی کلوگرام کر دی ہیں تاکہ عام آدمی کو اونچی رٹیل قیمتوں سے راحت ملے۔ گزشتہ ہفتے جمعہ سے مرکزی حکومت رعایتی نرخوں پر ٹماٹر فروخت کر رہی ہے۔ کوآپریٹیو نیفڈ اور این سی سی ایف حکومت کی جانب سے یہ سبزی قسم فروخت کر رہے ہیں۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ’’محکمہ امور صارفین نے این سی سی ایف اور این اے ایف ای ڈی کو ہدایت کی ہے کہ وہ 20 جولائی 2023 سے 70 روپے فی کلو گرام کی ریٹیل قیمت پر ٹماٹر فروخت کریں‘‘۔این سی سی ایف اور این اے ایف ای ڈی کے ذریعہ خریدے گئے ٹماٹروں کو ابتدائی طور پر 90 روپے فی کلوگرام کے حساب سے ریٹیل کیا گیا تھا اور پھر 16 جولائی 2023 سے اسے کم کر کے 80 روپے فی کلوگرام کر دیا گیا تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 70 روپے فی کلوگرام کی کمی سے صارفین کو مزید فائدہ پہنچے گا۔