بلال فرقانی
سرینگر//نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (این آئی ٹی) سرینگر میں تدریسی و غیر تدریسی عملے کی 59 اسامیاں خالی ہیں ۔ادارہ میں مستقل فیکلٹی کی کل منظور شدہ اسامیاں 198 ہے تاہم 162 ملازمین ہی تعینات ہیں۔انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے ایک آر ٹی آئی کے جواب میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ادارے میں13 عارضی فیکلٹی ممبران بھی ہیں، جن میں 3 الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ، 3 آئی ٹی ، 2 میٹالرجیکل اینڈ میٹریلز انجینئرنگ ، 2 ہیومینٹیز ،سوشل سائنسز اینڈ مینجمنٹ اور کمپیوٹر سائنس ایند انجینئرنگ، الیکٹرانکس اور کمیونیکیشن انجینئرنگ اور شعبہ فزکس میں ایک ایک ایک عارضی فیکلٹی ممبرتعینات ہے۔حق اطلاعات قانون ک تحت فراہم کردہ معلومات سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ این آئی ٹی میں مستقل غیر تدریسی عملے کی 23 اسامیاں بھی خالی ہیں۔ انڈر گریجویٹ کورسز کیلئے نشستوں کی تعداد 952 ہے،جن میں ڈی اے ایس اے کیلئے 53 نشستیں بیرون ملک طلباء کے لیے براہ راست داخلہ کے زمرے میں مخصوص ہیں اور پوسٹ گریجویٹ کورسز کی تعداد 439 ہے جن میں بیرون ملک طلاب کے براہ راست داخلہ کیلئے23نشستیں مخصوص ہیں۔ دستاویزات کے مطابق فی الوقت انڈرگریجویٹ کورسز میں داخل ہونے والے طلباء کی کل تعداد 3175 ہے اور پی جی کورسزمیں طلباء کی تعداد 428 ہے۔ سماجی طور پر کمزورکوٹا کے تحت 269 طلباء، انڈر گریجویٹ کورسز اور 7 پوسٹ گریجویٹ کورسز کررہے ہیں۔دستاویز کے مطابق این آئی ٹی سرینگر میں 501 (ایس سی)، 256 (ایس ٹی)، 56 (پی ڈبلیو ڈی)، 742 (او بی سی واین سی ایل)، 3 (ڈی اے ایس اے) 163 (ذاتی معاونت) طلباء نے مختلف کورسز میں داخلہ لیا ہے۔