سمت بھارگو
راجوری//فوج کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر در اندازی کی ایک کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا، جن میں سے ایک کی لاش بر آمد کی گئی۔ادھر سرنکوٹ میں ملی ٹینٹوں اور فوج کے درمیان آپریشن کے دوران گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل سنیل برتوال نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد جموں وکشمیر پولیس اور فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ پیر کی صبح تلاشی آپریشن کے بیچ ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا۔ان کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے اور بعد ازاں تصادم کی جگہ ایک ملی ٹینٹ کی لاش برآمد کی گئی۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران ہی ایک ملی ٹینٹ کو دریا میں گرتے ہوئے دیکھا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مہلوک کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ دراندازی کا مقصد پونچھ کے پر امن حالات کو درہم برہم کرنا مقصود ہے۔دریں اثنا ء ترجمان نے کہا کہ ایک AK-74 رائفل بمعہ میگزین، 11 رانڈز اور دیگر اشیا برآمد کی گئیں۔فوج نے تھرمل امیجز بھی جاری کی ہیں جن میں دراندازی دکھائی گئی ہے۔ادھرپونچھ ضلع کے شیندرا، میدانہ دیہات میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم شروع ہوا اور آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں گولی باری جاری تھی۔فورسز نے جاری آپریشن کو آپریشن ترنیترا 2 کا نام دیا ہے جسے آپریشن ترنیترا کا دوسرا مرحلہ سمجھا جا رہا ہے جو 20 اپریل کو بھاٹا دھریاں حملے اور 5 مئی کو کیسری ہل انکانٹر کے بعد شروع کیا گیا تھا۔بھارتی فوج کی وائٹ نائٹ کور کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مخصوص انٹیلی جنس کی بنیاد پر پونچھ ضلع کے سرنکوٹ کے قریب جنرل ایریا سندھاڑہ اور میدانہ میں مشترکہ محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔فوج نے کہا کہ یہ آپریشن ہندوستانی فوج اور جموں و کشمیر پولیس کے دستوں نے شروع کیا تھا۔فوج کا مزید کہنا تھا کہ اس آپریشن کے دوران رابطہ قائم ہوا جس کے بعد شدید فائرنگ شروع ہوئی جو تاحال جاری ہے جبکہ پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
پونچھ فوجی کیمپ
فوجی اہلکار مردہ پایا گیا
پونچھ/عشرت بٹ/ پونچھ ضلع میں ایک فوجی کیمپ میں ایک فوجی پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا۔ حکام نے پیر کو بتایاکہ نائیک ورندر سنگھ کو ان کے ساتھیوں نے اپنی بیرک کے اندر مردہ پایا جب وہ اتوار اور پیر کی درمیانی رات کے دوران ڈیوٹی کے لیے ان کی کال کا جواب دینے میں ناکام رہے۔اہلکار نے بتایا کہ سپاہی کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔حکام نے مزید کہا کہ پولیس نے اس کی موت کی وجہ جاننے کے لیے تفتیشی کارروائی شروع کر دی ہے۔