عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر// محنت اور روزگار کی سکریٹری ریحانہ بتول نے کل یہاں کشمیر ہاٹ میں ایک روزہ روزگار میلہ کا افتتاح کیا۔اس کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف ایمپلائمنٹ نے دیش بھگت یونیورسٹی پنجاب کے تعاون سے کیا تھا اور اس میں ملازمت کے متلاشیوں 11000 سے زائدافراد نے آن لائن رجسٹریشن کرائی تھی۔میلے کے دوران سیکرٹری نے 32 موقعہ پرتقرر نامے امیدواروں میں تقسیم کیے اور 4300 امیدواروں کو مختلف کمپنیوں کی طرف سے اہلیت اور ضرورت کی بنیاد پر دوسرے راؤنڈ کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا۔
تقریب کے دوران 2000 کے قریب رجسٹریشن بھی کی گئی اور مختلف امیدواروں کو سکل ڈویلپمنٹ کورسز کے لیے رجسٹر کیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ای اینڈ سی سی سری نگر، منیش منہاس، محکمہ کے سینئر افسران، کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، ٹورازم سیکٹر، ایڈونچر ٹورازم، ٹریول اینڈ ٹور ایسوسی ایشن آف کشمیر، پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن آف کشمیر، صدر کھمنوہ انڈسٹریل ایسوسی ایشن، پرائیویٹ ہسپتال ایسوسی ایشن آف کشمیر اور بڑی تعداد میں ملازمت کے متلاشیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب میں تقریباً 205 کمپنیوں نے شرکت کی جن میں 25 قومی سطح کی کمپنیاں جن میں 7000 سے زیادہ اسامیاں تھیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریحانہ بتول نے اس طرح کی مزید تقریبات کے انعقاد اور خود روزگار سکیموں اور استعداد کار میں اضافے کے اقدامات کے ذریعے روزگار کے ہر ممکن مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔میلے کے دوران سیکرٹری نے آجروں کے سٹالز کا چکر لگایا اور مختلف کمپنیوں اور صنعتوں کے نمائندوں سے بات چیت کی۔دیش بھگت یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر زورا سنگھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں اور انہوں نے ملک کے دیگر حصوں اور دنیا کے دیگر حصوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔