عظمیٰ نیوزسروس
بانڈی پورہ// مشن اندردھنش 5.0کے تحت بچوں اورحاملہ خواتین کو حفاظتی ٹیکے لگانے کاپہلامرحلہ7اگست سے شروع ہوگااور12اگست تک جاری رہے گا،جبکہ دوسرااورتیسرامرحلہ بالترتیب11ستمبرسے16ستمبرتک اور9اکتوبرسے14اکتوبر تک جاری رہے گا۔ا ن باتوں کی جانکاری سرینگر ،بارہ مولہ اوربانڈی پورہ کے ڈپٹی کمشنر وں کو انٹینسیومشن اندرادھنش پروگرام کی عمل آوری کاجائزہ لینے کے دوران منعقدہ میٹنگوں میں ڈپٹی چیف میڈیکل افسروں نے دی۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے دوران نوزائیدبچوں سے لیکر دوسال تک کی عمر کے بچوں اورحاملہ خواتین کویہ ٹیکے لگائیں جائیں گے۔ان میٹنگوں میں بتایاگیا کہ اس پروگرام کامقصدٹیکہ کاری کیلئے صحیح مستفید ہونے والے علاقوں کے لحاظ سے چھوٹنے والے اورچھوڑے جانے والے بچوں کی نشاندہی کرکے انہیں ٹیکے لگانا ہے تاکہ ٹیکہ کاری کے صدفیصد ہدف کوپوراکیاجائے۔
اضلاع میں حفاظتی ٹیکوں کے موجودہ منظرنامے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایاگیاکہ کچھ غیرمحفوظ مقامات پرخسرہ اورروبیلاکے معاملات سامنے آئے ہیں،جن کا اس پروگرام کے تحت ترجیحی طوراحاطہ کیا جائے گا۔معمول کی ٹیکہ کاری کومضبوط کرنے اورضلع سرینگرمیں ٹیکہ کاری کووسعت دینے کیلئے ڈپٹی کمشنر سرینگر نے ایک میٹنگ میں مشن اندردھنش کاجائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر کواس مشن کی عمل آوری کیلئے کی گئی تمام تیاریوں کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں مستحقین کی انتخاب،چھوڑے گئے اورچھوٹنے والے بچوں کی نشاندہی کرنے کی علاوہ دیگرپیمانوں کومکمل کرنے پرزرودیاگیا۔میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنرنے صحت،آئی سی ڈی ایس،ایس ایم سی،آرڈی ڈی اوردیگرمتعلقہ محکموں سے فیڈبیک حاصل کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ تال میل کے ساتھ کام کرکے نوزائیدبچوں سے لیکر دوبرس تک کی عمر کے تمام بچوں کی ٹیکہ کاری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے آئی سی ڈی ایس پروگرام افسر کومحکمہ صحت کے ساتھ قریبی تال میل بنائے رکھنے کی ہدایت دی اورزمینی سطح پرفیلڈ ورکروں سمیت آشاورکروں کو اس پروگرام کی موثر عمل آوری کیلئے متحرک کرنے کی ہدایت دی۔ڈپٹی کمشنر بارہ مولہ ڈاکٹر سیدسحرش اصغر نے بھی ایک میٹنگ کے دوران مشن اندرادھنش کی موثر عمل آوری کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران ڈپٹی چیف میڈیکل افسربارہ مولہ نے ایک پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے ڈپٹی کمشنر کو اس سلسلے میں کئے گئے انتظامات کی جانکاری دی۔ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسروں کو آپسی تال میل بنائے رکھنے کی ہدایت دی تاکہ اس پروگرام کی موثر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے اس کیلئے آنگن واڈی ورکروں اور آشاورکروں کو بھی متحرک کرنے کی ہدایت دی تاکہ صد فیصدبچوں کی ٹیکہ کاری کاہدف حاصل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنربانڈی پورہ نے بھی ایک میٹنگ میں اس سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران ڈپٹی سی ایم اونے کہا کہ چھوٹنے والے اورچھوڑے گئے بچوں کوU-WINپلیٹ فارم پررجسٹر کیاجائے گا۔میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنرنے متعلقین پرزوردیا کہ وہ اے این ایم اورآشاورکروں اوردیگرفیلڈعملے کوشامل کرکے اس مہینے کے آخرتک چھوٹنے والے اورچھوڑے گئے بچوں کی سرشماری تمام علاقوں میں مکمل کریں ۔انہوں نے بلاک میڈیکل افسروں سے کہا کہ وہ پروگرام کی نگرانی کریں اورذاتی طور اچانک فیلڈ کامعائنہ کرتے رہیں۔ڈپٹی کمشنر نے اے این ایم اورآشاورکروں کی تفصیلات ان کے فون نمبرات سمیت طلب کیں۔ انہوں نے متعلقین سے مزید کہا کہ بہتر نتائج کے لیے ذرائع ابلاغ سے پروگرام کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے۔