اشتیاق ملک
ڈوڈہ //محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ڈوڈہ ضلع میں شدید بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔بھلیسہ،ٹھاٹھری بونجواہ،کاہرہ،گندو و دیگر مضافات میں ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے جبکہ درجنوں دیہات میں پانی، بجلی و سڑک نظام متاثر ہوا ہے۔ڈوڈہ ضلع کے اندرانی دیہات سے جڑنے والی تمام رابط سڑکیں خستہ ہوچکی ہیں اور ٹریفک نظام معطل ہوچکا ہے۔ادھر بھلیسہ کے ملکپورہ سے چلی جانے والی سڑک ملکپورہ سے چند میٹر کی دوری پر تقریباً تیس میٹر کے قریب دھنس چکی ہے جس کی وجہ سے چلی، ہڈل، بھٹولی و دیگر علاقوں کے لوگوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کی صبح سے ہی ڈوڈہ ضلع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہوا تھا جس کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ۔مسلسل بارشوں کی وجہ سے فصلوں میوا باغات و زرعی شعبہ کو نقصان پہنچا ہے اور درجنوں رہایشی و غیر رہایشی ڈھانچوں کے علاوہ سرکاری ڈھانچوں کو شدید نقصان پہنچا ۔مسلسل بارشوں کی وجہ سے دریا چناب کا بہاؤ بھی بڑھ چکا ہے جس کی وجہ سے انتظامیہ نے نزدیکی رہایشی دوسری جگہوں پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی وجہ سے ڈوڈہ ضلع میں جہاں ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہونے کی وجہ سے درجنوں پل بہہ گئے ہیں وہیں صدر مقام ڈوڈہ کو جوڑنے پل ڈوڈہ کے مقام پر پل کے قریب پانی کی سطح میں اضافہ کی وجہ سے انتظامیہ نے اس پل کو آمدورفت کے لیے بند کردیا ہے اور فی الحال گنپت پل سے صدر مقام کی طرف آمدورفت جاری ہے۔خراب موسمی حالات کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی جارہی ہے
کشتواڑ میں بارشوں سے طوفانی صورتحال ، ندی نالوں میں طغیانی
پاڈر کے متعدد سڑک رابطے بند، بجلی و پانی کا نظام بھی مفلوج،مرگن میں پھنسے مسافروں کو بچالیاگیا
عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ میں مسلسل دوسرے روز بھی بارشوں کا سلسلہ برستور جاری ہے جسکے سبب ضلع بھر میں طوفانی صورتحال بنی ہویی ہے۔ کڑیا میں رہایشی مکانات کو گرنے کا خطرہ لاحق ہے۔جبکہ قصبہ کو پانی فراہم کرنے والی نائی گڑھ پائپ لائن بھی ٹوٹ گئی ہے۔ ضلع بھر میں بیشتر سڑک رابطے بند ہوئے ہیں جنھیں بحال کرنے کا عمل جاری ہے۔جہاں کشتواڑ بٹوت قومی شاہراہ پر متعدد مقامات پر پسیاں گرآئیں جس سے قومی شاہراہ پر آمدورفت متاثر رہی جبکہ ضلع کے اندرونی سڑک رابطے بھی مسلسل بارشوں کے سبب بند رہے اور بجلی پانی کا نظام بھی درہم برہم ہوچکاہے۔ سب ڈویژن پاڈر کے آخری علاقے پدھم ،جو کرگل کے زانسکار سے ملتاہے، میں تازہ برفباری درج کی گئی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ قریب ایک انچ تازہ برفباری ہوئی۔سب ڈویژن پاڈر کو جوڑنے والا سڑک رابطہ لائی کے مقام پر پسیاں گرآنے سے بند ہوا جبکہ گلاب گڑھ اشتہاری سڑک ٹندر کے مقام پر آمدورفت کیلئے بند ہے۔ اونگائی نالے تیاری اشتہاری بزیگ پانی کے زیادہ بہائو کے سبب یہ راستہ بھی بند پڑا ہوا ہے۔سب ڈویژن مڑواہ کو جوڑنے والی مرگن رابطہ سڑک بھی بند کردیاگیاہے۔ مرگن پر سنیچر کی دیرشام دو مسافر گاڑیاں پھنس گئی تھیں جسکے بعد دیررات پولیس و انتظامیہ کی ٹیموںنے بچائوکاروائی عمل میں لائی اور سبھی درماندہ مسافروں کو نکالا۔ دچھن سڑک پر بھی آمدروفت کوبند کردیا گیاہے۔ڈنگڈورو سے سوندر کی طرف کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہے۔ سڑک پر متعدد مقامات پر پتھر گرآئے ہیں جبکہ نالوں میں پانی کی سطح بلند ہوئی ہے ۔علاقے میں بجلی وپانی کا نظام بھی منقطع ہوکررہ گیاہے۔ دچھن کے کیرسی علاقے میں زمین دھنسے سے متعدد دوکانیں گرگئی ہیں۔یہ دوکانیں غلام محمدنامی شہری کی بتائی جارہی ہیںجن میں موجود سب سامان تباہ ہوگیا۔ علاقے کے نالوں کے قریب حالات انتہائی خطرناک بنے ہوئے ہیں اور لوگوں نے نچلے علاقوں سے ہجرت کی ہے۔انتظامیہ نے گنگائی ڈھڈ بھنڈارکوٹ سڑک کو احتیاطی طور بند کردیاہے جبکہ کوجھگام تا لوہیدھار سڑک کو بھی بند کردیاگیاہے۔ سنتھن اننت ناگ قومی شاہراہ دوسرے روز بھی بند رہی۔انتظامیہ نے بتایا کہ موسم بہتر ہونے کی صورت میں ہی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جائیگی۔انتظامیہ نے مچیل جانے والے یاتریوں کو اپنا سفر ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے۔سب ڈویژن چھاترو میں بھی ندی نالوں میں طغیانی آئی ہے جس سے متعدد مقامات پر پلوں و مکانات کو نقصان پہنچاہے۔ کڑیا کے قریب رہایشی مکانات کو گرنے کا خطرہ لاحق ہے جبکہ مسلسل بارشوں کے سبب زمین دھنس گئی ہے۔پانی کے بہائو کو کم کرنے کیلئے انتظامیہ نے ڈول ہستی پاور پراجیکٹ کے سبھی گیٹ کھول دئے جسے بھنڈارکوٹ ، ٹھاٹھری درابشالہ و دیگر مقامات پر پانی کی سطح میں کافی اضافہ ہوا ہے۔انتظامیہ نے لوگوں سے دریا کے کنارے نہ جانے کی اپیل کی ہے۔ کشتواڑ قصبہ کے اندر بھی حالات انتہائی کشیدہ ہیں جہاں نالیوں کا گندہ پانی متعدد گھروں و دوکانوں کے اندر داخل ہوا ہے جسے عوام سخت پریشان ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بھی بعد دوپہر حالات کا جایزہ لینے کیلئے قصبہ کے مختلف وارڈوں کا دورہ کیا اور زمینی صورتحال کا جایزہ لیا۔ انھوں نے محکمہ کو جلد اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کی۔
رام بن میں دریائے چناب خطرے کے نشان سے اوپر
میتراہ اور کوہ باغ میں پانی مکانوں میںداخل ، زمین کھسکنے سے یاترا لنگر کو نقصان
محمد تسکین
بانہال // رامبن میں دریائے چناب میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر بہنے کی وجہ سے رام بن کے میتراہ اور کوہ باغ کی بستیوں میںاتوار کی دوپہر کئی گھروں کے اندر پانی گھس گیا ہے اور پولیس ، ایس ڈی ار ایف اور سول کیو آر ٹی رام بن کے رضاکاروں کی مدد سے متاثرہ کنبوں کے افراد خانہ اور ضروری سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ دریائے چناب میں سیلاب جیسی صورتحال کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رام بن کے مہاڑ علاقے میں شاہراہ کے برلب امرناتھ یاتریوں کیلئے قائم ایک لنگر کو اسوقت نقصان سے دوچار ہونا پڑا جب اس لنگر کے نیچے سے چناب کے پانی کی وجہ سے زمین کا دھنسنا شروع ہوگیا اور لنگر کا ایک حصہ چناب میں گر گیا تاہم تمام افراد کو بحفاظت محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا ہے۔