عاصف بٹ
کشتواڑ// محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری پیشگوئی کے عین مطابق کشتواڑ ضلع بھر میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے جسکے سبب ضلع بھر میں سڑکیں گلی کوچے زیرآب آئے جبکہ بارشوں کے سبب رہایشی مکان کو جزوی نقصان پہنچا ہے ۔ بالائی علاقہ جات میں جمعہ کی دیرشام سے بارشیں ہورہی تھی جبکہ سنیچر کی صبح سے میدانی علاقہ جات میں بارشوں کا سلسلہ د ن بھر جاری رہا جسکے سبب متعدد مقامات پر سڑکیں زیرآب آئیں۔ سب ڈویژن چھاترو کے اندروال میں موسلادھار بارشوں کے سبب عاصف احمد نامی شہری کے رہایشی مکان کو بارشوں کے سبب نقصان پہنچا جبکہ علاقے میں فصلوں کوبھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔
کشتواڑ سنتھن اننت ناگ قومی شاہراہ پر کڑیا پل کے قریب بھاری پسی گرآنے کے سبب بلیورو گاڑی اس میں پھنس گئی جسے بعد میں نکالاگیا۔ کشتواڑ ٹھاٹھری شاہراہ پر بھی متعدد مقامات پر سڑک زیرآب آئی جسکے سبب مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مڑواہ، واڑون و دچھن کے نالوں میں طغیانی کی صورتحال بنی ہوئی ہے جسکے سبب متعدد مقامات پر فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے ۔بارشوں کے سبب واڑون ومڑواہ سڑک کو بھی نقصان پہنچا جسکے سبب اس سڑک پر آمدورفت متاثر رہی۔ میدانی علاقوں میں ہورہی بارشوں کے سبب متعدد مقامات پر سڑکیں زیرآب ہوئی جسکے سبب لوگوں کو سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑا۔ قصبہ میں ناقص ڈر نیج نظام کے سبب نالیوں کا پانی لوگوں کے گھروں و دوکانوں میں داخل ہوا جسے عوام کو سخت دشواریاں پیش آئیں اور لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف سخت ناراضگی ظاہرکی۔پولیس نے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر ہیلپ لاین نمبرات جاری کئے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے نمبرات پر رابطہ کرنے کو کہاگیا۔انتظامیہ نے عوام سے ندی نالوں و دیگر خطرے والے علاقوں سے دوررہنے کو کہا تاکہ کوئی جانی یا مالی نقصان نہ ہو۔