محمد تسکین
بانہال// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جمعرات کی رات دیر گئے جموں سے سرینگر جانے والا ایک پٹرول ٹینکرچار چنار بانہال کے قریب حادثے کا شکار ہوا تھااور اس حادثے میں ٹینکر ڈرائیور زخمی ہوا تھا۔ حادثے کے بعد ٹینکر کے ایک چیمبر سے پیٹرول رس رہا تھا اور فائر ٹینڈرز، پولیس اور بانہال والنٹیئرس کے رضاکار صبح سے ہی موقع پر موجود تھے۔ جمعہ کی دوپہر بعد کھائی میں گرے ٹینکر کو کرین کی مدد سے نکالنے کی کوشش کے دوران پیٹرول ٹینکر نے آگ پکڑ لی اور آگ کی لپٹیں اور کالے دھوئیں کی وجہ سے پورے علاقے میں سراسمیگی پھیل گئی۔آگ بجھانے میں فائر سروسز ، پولیس ، فوج ، بانہال والنٹیئرس اور ریڈکراس کے رضاکاروں نے حصہ لیا اور آگ پر قابو پایا گیا تاہم تب تک ٹینکر اور اس میں لوڈ پیٹرول جل کر راکھ ہوگیا تھا۔ اس حادثے میں زخمی ڈرائیور کی شناخت جگویندر سنگھ ولد اچپال سنگھ ساکنہ ہندوارہ کے طور کی گئی ہے۔ پولیس نے معاملہ کی نسبت سے ایک کیس درج کیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔