عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شہرخاص کے کئی علاقوں میں صبح سے ہی بجلی کی بندش کا سامنا کرنے کے بعد اگرچہ بجلی سپلائی بحال کردی گئی لیکن بجلی سپلائی میں بار بار خلل سے لوگوں میں غم و غصہ پھیل گیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ صبح کی نماز کے بعد فتح کدل اسٹیشن سے بجلی کی سپلائی کرنے والے علاقوں کو بلیک آؤٹ کا سامنا کرنا پڑا جس سے مکینوں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متاثرہ علاقوں میں خانیار، نائوپورہ، خیام، کولی پورہ، فتح کدل اور ملحقہ علاقے شامل ہیں۔ایک مقامی شہری نے بتایا کہ بجلی صبح4 بجے منقطع ہوئی اور سہ پہر 3 بجے بحال کر دی گئی۔ اس سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کے پی ڈی سی ایل کے حکام کا کہنا ہے کہ فتح کدل رسیونگ اسٹیشن کے فیڈر تھری میں کیبل میں خرابی پیدا ہوئی ہے جسے ٹھیک کر دیا گیا ہے۔ ٹی ای این