اسد مرزا
یورپی یونین سے نکلنے کے تین سال پورے ہونے کے بعد آج برطانوی معیشت پورے طریقے سے ناکام ہوتی نظر آرہی ہے۔ تین سال قبل بریگزٹ ڈیل پر دستخط کرنے والے سابق وزیر اعظم بورس جانسن نے اس موقع پر کہا تھا کہ یورپی یونین سے الگ ہوکر برطانیہ ایک ’’خوشحال، متحرک اور مطمئن‘‘ ملک بن جائے گا۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بریگزٹ معاہدہ برطانیہ کی کمپنیوں کو یورپی یونین کے ساتھ ’’مزید کاروبار‘‘ کرنے کے قابل بنائے گا، اور برطانیہ کو 450 ملین پاؤنڈس کی مارکیٹ میں بغیر کسی رکاوٹ کے برآمد کرتے ہوئے دنیا بھر میں تجارتی سودے کرنے کے لیے آزاد چھوڑ دے گا۔
لیکن حقیقت میں، بریگزٹ نے برطانیہ کی معیشت کو تباہی کے کگر پر پہنچادیا ہے، جس سے کہ اس کی معیشت وبائی امراض سے پہلے کی بہ نسبت چھوٹی ہوگئی ہے۔ برطانیہ کے سب سے بڑے تجارتی پارٹنر یورپی یونین کے ساتھ مستقبل کے تجارتی تعلقات پر برسوں کی غیر یقینی صورتحال نے کاروباری سرمایہ کاری کو کافی نقصان پہنچایا ہے، جوکہ گزشتہ سال، تقریباً دو سال سے برطانیہ-EU تجارتی معاہدہ ہونے کے باوجود وبائی امراض سے پہلے کی سطح سے 8 فیصد کم تھا۔ساتھ ہی پاؤنڈ کے کمزور ہونے کی وجہ سے، درآمدات مزید مہنگی ہوگئی ہیں اور برآمدات کو فروغ دینے میں ناکام رہتے ہوئے مہنگائی کو مزید بڑھاوا ملا ہے، یہاں تک کہ دنیا کے دیگر ممالک نے وبائی امراض کے بعد تجارتی عروج کا فائدہ اٹھایا ہے۔ برطانیہ اس میں بھی پیچھے رہ گیا ہے۔ اس پس منظر میں برطانوی معیشت کو دوبارہ راہِ راست پر لانے کے لیے کنزرویٹو پارٹی نے رشی سنک کی قیادت میں ایک بار پھر اپنی معیشت کو فروغ دینے اور دیگرممالک، خاص طور پر اس کی سابقہ کالونیوں کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے کے منصوبوں کی نقاب کشائی کی ہے۔
ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں بین الاقوامی تجارت کے وزیر نائیجل ہڈلسٹن کے ذریعہ جس انداز میں اس نئے منصوبے کی نقاب کشائی کی گئی، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس بار برطانیہ افریقی اور کم ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ اپنے اقتصادی روابط بڑھانے پر کمر بستہ ہے، تاکہ تفصیلی مالیاتی تجارتی معاہدوں میں یہ کامیابی سے اپنا فائدہ حاصل کرسکیں اور ’’گریٹ برطانیہ‘‘ میں ایک بار پھر’’گریٹ‘‘ کا جواز پیش کرنے کے قابل ہوسکیں۔
نئی اسکیم، ترقی پذیر ممالک ٹریڈنگ اسکیم (DCTS) کا اعلان گزشتہہفتے کے شروع میں کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد 65 ترقی پذیر ممالک سے برطانیہ میں داخل ہونے والی مصنوعات پر محصولات میں کمی کرنا ہے، اس کے علاوہ درآمدی لاگت کو £770m سالانہ سے کم کرنے میں مدد کرنا ہے، جس سے برطانیہ کے صارفین اور کاروبار کو فائدہ ہوگا۔ اپنے آغاز کی تاریخ سے DCTS کا مقصد تجارتی قوانین کو یکسر آسان بنانا اور ترقی پذیر ممالک کی مصنوعات پر محصولات کو کم کرنا ہے، جس سے کہ یوکے کے کاروباریوں اور صارفین کو سالانہ لاکھوں پاؤنڈز کی بچت حاصل ہوسکتی ہے۔
بریگزٹ کے بعد کا نیا ڈی سی ٹی ایس 65 ممالک کا احاطہ کرتا ہے جہاں 3.3 بلین سے زیادہ لوگ رہتے ہیں، اور ان میں سے نصف سے زیادہ افریقہ میں ہیں۔ نئی اسکیم ٹیرف یا محصولات کو ہٹاتی یا کم کرتی ہے اور تجارتی قواعد کو آسان بناتی ہے تاکہ زیادہ پروڈکٹس اسکیم کے لیے اہل ہوسکیں۔ یہ EU اسکیم سے زیادہ فراخدلی اپناتی ہے جس کا برطانیہ پہلے رکن تھا۔ اس سے ترقی پذیر ممالک کو فائدہ پہنچے گا جو برآمدات میں تنوع اور اضافہ چاہتے ہیں، اس کی خوشحالی کا باعث بنے گی اور برطانوی امداد کی ضرورت کو کم کرے گی۔
یہ دعویٰ بھی کیا جارہا ہے کہ DCTS £9 بلین سے زیادہ کی درآمدات پر محصولات کو ہٹا کر یا کم کرکے یوکے کے کاروباریوں کو سالانہ £770 ملین سے زیادہ کی بچت کرائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ برطانیہ کے کاروباریوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر تجارت کرنے اور برطانیہ کی معیشت کو بڑھانے کے مواقع پیدا کرے گی۔ وقت گزرنے کے ساتھ، ترقی پذیر ممالک اس اسکیم کے تحت برطانیہ کے ساتھ تجارت بڑھانے کے لیے ، کاروبار درآمدی لاگت میں مزید لاکھوں پاؤنڈس کی بچت کر سکتے ہیں۔
مزید یہ کہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ مزید آزاد خیالی اور حکمرانی کے اختیارات جو DCTS کے تحت متعارف کرائے گئے ہیں وہ ناقابل یقین حد تک مددگار ثابت ہوں گے اور کچھ غریب ترین ممالک میں کاروبار اور اقتصادی ترقی میں مدد کریں گے۔ اس کی ایک بڑی مثال جنوب مشرقی ایشیا کے ترقی پذیر ممالک سے سامان ہے درآمد کرنا ہوگا۔ DCTS افریقہ کے 37 ممالک، ایشیا/اوشینیا/مشرق وسطی میں 26 اور امریکہ کے 2 ممالک کا احاطہ کرتا ہے، جو دنیا بھر میں متنوع اور دلچسپ تجارتی مواقع کی نمائندگی کرتا ہے۔ایتھوپیا، جس کا برطانیہ کے ساتھ پہلے سے ہی £838 ملین کا تجارتی تعلق ہے، برطانیہ کو برآمد کی جانے والی 100% اشیا پر صفر محصولات ادا کرتا ہے۔ نئی سکیم کے تحت، ایتھوپیا اور 46 دیگر ممالک برطانیہ کے ساتھ تجارت کے اپنے مواقع کو بڑھاتے ہوئے کئی اور ممالک کی مقامی چیزوں کا استعمال کرتے ہوئے سامان تیار کر سکیں گے۔
برطانیہ نے گزشتہ تین سالوں میں DCTS ممالک سے اوسطاً £22.8 بلین مالیت کا سامان درآمد کیا ہے۔ 8 اقتصادی شراکت داری کے معاہدوں کے UK کے نیٹ ورک کے ساتھ مل کر، DCTS کا مطلب ہے کہ اب 90 سے زیادہ ترقی پذیر ممالک ڈیوٹی فری یا تقریباً ڈیوٹی فری تجارت سے مستفید ہوسکیں گے۔ کسٹم کا عمل موجودہ ترجیحی تجارتی انتظامات کی طرح ہی رہیں گے لیکن کم ترقی یافتہ ممالک کے لیے نئے ٹیرف کے اصول لاگو ہوں گے۔
ماہرین اور تاجروں کے مطابق، برطانیہ کی حکومت کے اس فیصلے سے ہندوستانی برآمد کنندگان متاثر ہونے کا امکان ہے جن میں کچھ ٹیکسٹائل آئٹمز، چمڑے کے سامان، قالین، لوہے اور اسٹیل کے سامان اور کیمیکلز شامل ہیں۔ گلوبل ٹریڈ ریسرچ انیشیٹو (جی ٹی آر آئی) نے کہا کہ امریکہ، یورپی یونین (ای یو)، آسٹریلیا، جاپان اور کئی دوسرے ترقی یافتہ ممالک اپنی جی ایس پی اسکیموں کے تحت ترقی پذیر ممالک کو یکطرفہ درآمدی ڈیوٹی رعایت دیتے ہیں۔نئی سکیم کے تحت، پاکستان نے اپنی بہتر ترجیحات کی حیثیت کو برقرار رکھا ہے اور وہ برطانیہ کو برآمد کی جانے والی 94 فیصد اشیاء پر ڈیوٹی فری برآمدات سے مستفید ہوتا رہے گا۔ یہ 156 سے زائد اضافی مصنوعات پر ٹیرف کو بھی ہٹا دے گا، اور کچھ موسمی ٹیرف کو آسان بنائے گا۔ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان ہر سال سامان اور خدمات کی تجارت کا کل حجم اس وقت £4.4 بلین ($5.63 بلین) ہے۔
توقع ہے کہ اسکیم کے تحت برطانیہ کو برآمدات پر ٹیرف میں £120 ملین ($153.6 ملین) کی بچت ہوگی۔ یوکے کے ٹریڈ سینٹر آف ایکسی لینس کے ذریعے بین الاقوامی تجارتی نظام، عالمی تجارتی نظام میں شرکت کے لیے ماہر معاونت فراہم کرے گا۔تاہم، اعلان کی جگہ اور ہدف بنائے گئے ممالک اس بات کی نشان دہی کرتے ہیں کہ اس بار برطانوی قانون ساز ایک بار پھر اپنی سابقہ کالونیوں کے ذریعے اپنی زوال پذیر معیشت کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس میں بھی زیادہ تر افریقی ممالک اہم کردار ادا کرنے والے ہیں۔اب یہ اسکیم کتنی فعال ثابت ہوگی یہ آنے والا وقت ہی بتا سکے گا۔
(مضمون نگارسینئر سیاسی تجزیہ نگار ہیں ، ماضی میں وہ بی بی سی اردو سروس اور خلیج ٹائمزدبئی سے بھی وابستہ رہ چکے ہیں۔ رابطہ کے لیے: www.asadmirza.in)