سمت بھارگو
راجوری // جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول کو عبور کرنے کی کوشش کرنے والے ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ہندوستانی فوج کا ایک سپاہی زخمی ہو گیا۔وائٹ نائٹ کارپس پونچھ کے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ’ آپریشن ریشم‘کے تحت انٹلی جنس اطلاعات پر کیا گیا اور کرشنا گھاٹی گلپور سیکٹر کے فارورڈ رینجر نالہ کے علاقے میںجمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب ہندوستانی فوجیوں نے کم از کم تین بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کو گھنے درختوں اور تاریکی کی آڑ میں ہندوستان میں گھسنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ ملی ٹینٹوں کو گھیرے میں لیکر للکارا گیا جس کے مختصر فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی زخمی ہوا اور دہشت گرد قریبی گھنے جنگل میں گھسنے میں کامیاب ہوگئے۔ فوج کے ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ ملی ٹینٹوں کا تعاقب کیا گیا اور علاقے میں کمک روانہ کر دی گئی، جس کے بعدبڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا گیا اور ملی ٹینٹوں کو حد متارکہ کے قریب بھاگتے ہوئے دیکھا گیا جن پر گولیاں چلائی گئیں اور تین ملی ٹینٹوں کر ایل او سی کے قریب گرتے ہوئے دیکھا گیا۔یاد رہے کہ لائن آف کنٹرول پر مشتبہ نقل و حرکت دیکھ کر فوج نے فائرنگ کی تھی۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ رات 8 بجے کے قریب چکن دا باغ علاقے کے گلپور سیکٹر میں مشتبہ نقل و حرکت دیکھنے پر فوج کے چوکس دستوں نے چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔”