بلال فرقانی
سرینگر// گرمی میں شدت کے ساتھ ہی گرمائی راجدھانی کے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ہمدانیہ کالونی بمنہ سرینگر اور اس کے ملحقہ علاقون میں مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتے کہا کہ گزشتہ کئی روز سے انہیں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانی کے بغیر ہماری زندگی جہنم بن گئی ہے اور کوئی بھی ہمارے مطالبات پر توجہ نہیں دے رہا ہے۔ اقبال احمد نامی ایک مقامی نوجوان نے کہا’’ہم پانی پیئے بغیر کیسے زندہ رہ سکتے ہیں؟ ہمیں پینے کے لیے پانی نہیں مل رہا، گھر کے دوسرے کام کرنے کے لیے بھی پانی دستیاب نہیں ہے‘‘متاثرہ افراد کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کی وجہ سے ان کے بچے اور بزرگکافی عرصے سے پریشانی کا شکار ہیں۔ ساجدہ نامی ایک مقامی خاتون نے کہا کہ گزشتہ4 دنوں سے علاقے میں پینے کا پانی نہیں ہے اور مقامی لوگ سخت پریشانیوں میں مبتلا ہوئے ہیں۔شہر کے دیگر علاقوں کے مکینوں نے بھی بتایا کہ انہیں پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔پائین کے رہائشیوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقے میں پانی کا بحران معمول بن گیا ہے۔ پانداں نوہٹہ سے تعلق رکھنے والے مقامی نوجواںالطاف احمد نے بتایا’’ہمیں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے تکلیف کا سامنا ہے،اور زیادہ تر وقت، ہمارے نلکے خشک ہوتے ہیں اور ہم اپنا معمول کا کام کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔‘‘ رابطہ کرنے پر، چیف انجینئر، پی ایچ ای نے متعدد کالوں کا جواب نہیں دیا۔