عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کی خواتین کاروباریوں کو بااختیار بنانے کے لیے دو روزہ ورکشاپ کل جموں و کشمیر انٹر پرینیورشپ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ جے کے ای ڈی آئی کے پانپور کیمپس میں منعقد ہوئی ۔’’خواتین فار اسٹارٹ اپ” کے موضوع کے ساتھ ورکشاپ کا انعقاد ای ڈی آئی نے سٹارٹ اپ انڈیا (DPIIT) حکومت ہند کے اشتراک سے کیا ۔ کل کا سیشن سرمایہ کاروں اور انکیوبیٹرز کے لیے پچنگ” پر مرکوزتھا جو کاروباری کامیابی کے لیے انمول بصیرت اور حکمت عملی پیش کرتے ہیں۔کمشنر سکریٹری، صنعت و تجارت کی رہنمائی میں منعقدہ ورکشاپ میں 150 سے زیادہ خواہشمند کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کی شرکت دیکھی گئی۔جے کے ای ڈی آئی کے ڈائریکٹر اعجاز احمد بٹ نے اس ورکشاپ کی اہمیت کو دہرایا اور خواہشمند کاروباریوں کے ساتھ تفصیلی بات کی۔ انہوں نے کہا”خواتین میں کاروباری جذبے کو پروان چڑھانا ایک تبدیلی کی کوشش ہے، اور اس کے لیے انہیں صحیح آلات اور علم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اعجاز احمد بٹ نے مزید کہا، مجھے یقین ہے کہ یہاں موجود اسٹارٹ اپس نے واضح اور جامع کاروباری منصوبہ تیار کرنے اور اپنے نقطہ نظر کو موثر طریقے سے ممکنہ سرمایہ کاروں تک پہنچانے کے لیے بصیرت حاصل ہوگی۔