عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے سری نگر سمارٹ سٹی لمٹیڈ پروجیکٹوں کے ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز رفتاری سے جاری رکھنے کے لئے سوموار کودیر رات گئے شہر کا دورہ کیا تاکہ مختلف بیوٹیفکیشن اور رِی ڈیولپمنٹ پروجیکٹوں کی فزیکل پیش رفت کا معائینہ کیا جاسکے۔اُنہوں نے افسران کے ہمراہ لال چوک ، بٹہ مالو ، قمرواری ، فور شور روڈ ، بلیوارڈ روڈ ، ٹی آر سی اور دیگر مقامات کا دورہ کیا۔صوبائی کمشنر موصوف نے تمام مقامات پر فٹ پاتھوں ، سڑکوں ، نکاس آب نظام کی ترقی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقین پر زور دیا کہ وہ شہرکو ایک نئی شکل دینے کے لئے ترقیاتی کاموں کی تکمیل کوتیز کریں۔
اُنہوں نے ٹریفک کی نقل و حمل کو بہتر کرنے کے لئے پی ڈی ڈی کی یوٹیلیٹیز کو جلد اَز جلد سڑکوں سے کنارے پر منتقل کرنے کی ہدایت دی۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے تمام سٹریٹ لائٹس کو فعال بنانے ، زنگ آلود کھمبوں کو تبدیل کرنے ، بے ترتیب لٹکتی تاروں کی بصری آلودگی کو صاف کرنے کی ہدایات دیں۔اُنہوں نے سڑکوں کو میکڈمائز کرنے کی بھی ہدایت دی کہ جہاں پر کام مکمل ہوچکا ہے تاکہ ٹریفک کی سست رفتاری سے بچا جاسکے۔صوبائی کمشنر کشمیر نے بٹہ مالو کی ترقیاتی ضروریات اور سڑکوں کی اَزسر نو تعمیر کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران سے کہا کہ وہ مکمل شدہ کاموں اور زیر اِلتوأ حصے کی تکمیل کی متوقع تاریخ کے ساتھ تفصیلی رِپورٹ پیش کریں۔اِسی طرح اُنہوں نے ایجنسیوں پر زور دیا کہ لال چوک شہر کا مرکز ہے اور شہر کے ترقیاتی پہلوئوں کی عکاسی کرتا ہے ، جاری منصوبوں کو تعمیر کے متعدد شفٹ ماڈل اِستعمال کرتے ہوئے کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے سائیکل ٹریکس کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا ۔بعد میں اُنہوں نے فور شور روڈ اور بلیوارڈ روڈ کا دورہ کیا جہاں اُنہیں ترقیاتی محاذ پر حاصل کئے گئے سنگ میل ، فٹ پاتھوں اور سڑکوں کی مزید تعمیر نو کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔