پرویز احمد
سرینگر //شہر خاص کے نائوپورہ گرلز ہائرسیکنڈری سکول سے ڈلگیٹ سڑک کئی مقامات پر تالاب کی شکل اختیار کرچکی ہے ۔ سڑک پر کبھی بھی بڑا ٹریفک حادثہ پیش آنے کاخطرہ لاحق ۔سڑک میں مختلف مقامات پر موجود بڑے کھڈ مسافروں اور نجی گاڑیوں کیلئے درد سر بنے ہوئے ہیں۔جھٹکوں کی وجہ سے گاڑیوں کے اندر بھی لوگ زخمی ہورہے ہیں اور سڑک کے باہر چلنے والے لوگوں کی جان ہمیشہ خطرے میں رہتی ہے۔
نائوپورہ کے مقامی شہری شبیر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ خیا م مندر سے لیکر نائوپورہ تک سڑک ڈرنیج کیلئے کھودی گئی اورڈرین تعمیر کی گئی مگر ڈرین کی تعمیر کی وجہ سے سڑک پر کھڈپیدا ہوگئے جو کافی بڑے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ منی بسوں، سومو اور دیگر نجی گاڑیوں میں سوموار افراد خستہ حال سڑک کی وجہ سے گاڑیوں کے اندر زخمی ہوتے ہیں کیونکہ اس سڑک پر ہمیشہ گاڑی الٹنے کا خطرہ رہتا ہے۔ شبیرنے بتایا کہ سڑک پر عام لوگوں اور سیاحوں کا کافی رش ہوتا ہے اور ہمیشہ گاڑی کے الٹنے کا خطرہ ہوتا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق انہوںنے متعلقہ حکام کو بھی آگاہ کیا ہے کہ یہ سڑک کبھی بھی بڑے ٹریفک حادثے کی سبب بن سکتی ہے مگر حکام نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ نائوپورہ ، خیام اور دیگر علاقوں کے لوگوں نے ایل جی انتظامیہ اور صوبائی کمشنر کشمیر سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کریں اور سڑک ٹھیک کرنے کے احکامات جاری کرکے مسافروں اور عام لوگوں کو راحت پہنچائیں۔