عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بینک آف انڈیا نے ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم کشمیر کے اشتراک سے اپنے کلسٹر انٹروینشن پروگرام برائے ٹورازم ٹور گائیڈز کیلئے دس روزہ تربیتی پروگرام شروع کیا تاکہ شہر کے مرکز میں سیاحت کو فروغ دیا جاسکے۔ تربیتی پروگرام شاندار ثقافتی ورثہ، فن تعمیر، دستکاری اور سرینگر کے مقامی پکوانوں کو باقی دنیا میں فروغ دینے پر توجہ مرکوزکیا جائے گا۔ شہر کے مرکز کی وسیع پیمانے پر شناخت ’شہر خاص‘کے نام سے کی جاتی ہے اور یہ شہر کا قدیم ترین علاقہ ہے، جس میں سیاحوں کا مرکز بننے کی صلاحیت موجود ہے۔
یہ پروگرام مرکزی شہر کے مختلف سرکٹس کے ساتھ نظریاتی اور عملی سیشنوں کی تشکیل کے ذریعے ٹور گائیڈز کی استعداد کار میں اضافہ کرے گا۔ تربیت میں ورثہ، ثقافت، آرٹ اینڈ کرافٹ، کمیونی کیشن اور سافٹ سکلزاور رہنمائی کی تکنیک کے سیشن بھی شامل ہوں گے۔ تربیت کا آغاز وادی کے معروف شاعر اور مورخ ظریف احمد ظریف کے ایک پروگرام سے ہوا۔انہوںنے جموں و کشمیر کی بھرپور ثقافتی تاریخ کے بارے میںاپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ پروگرام میں ڈاکٹر دیبا خالد، (ڈائریکٹر پبلسٹی)، جوائنٹ ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ (خان فاروق احمد) اور محکمہ سیاحت کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر دیبا خالد نے ایسے تربیتی پروگراموں کی ضرورت پر زور دیا۔ تربیتی پروگرام کو اسٹے پیٹرن ہاسپٹیلٹی سروسز اور آب رواں گروپ کے ذریعے شروع کیا گیا۔