محمد تسکین
بانہال //بدھ کی شب قریب ایک بجے جموں سرینگر شاہراہ پر رام بن کے کیفٹریا موڑ کے قریب پتھروں اور ملبے پر مشتمل ایک بھاری پسی گر آنے کیوجہ سے شاہراہ کم از کم 9 گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد جمعرات کی صبح ٹریفک کیلئے دوبارہ بحال کر کے درماندہ ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی گئی ۔ ملبے اور پتھروں کی بھاری پسی کی وجہ سے کیفٹیریا موڑ کے مقام زیر تعمیر ٹنل نمبر پی2 کے باہری حصے کو شدید نقصان پہنچا ، تاہم یہاں کام کررہا کوئی بھی مزدور زخمی نہیں ہوا۔شاہراہ کے بند ہونے کیوجہ سے سرینگر اور جموں کے ٹریفک کو شاہراہ کی بحالی تک قاضی گنڈ اور ادہمپور میں روک دیا گیا۔
ناشری اور بانہال کے درمیان متعدد مقامات پر سڑک یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے۔ ایس ایس پی ٹریفک رام بن روہت بسکوترا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رام بن کے کیفٹیریا موڑ پر رک رک کر پتھر گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔انہوں نے کہا کہ بدھ کی رات کیفٹیریا موڑ پرپہلی پسی کو کچھ وقت کے بعد صاف کیا گیا تھا تاہم یہاں وقفے وقفے سے پتھر اور ملبہ گرتا رہا۔کیفٹیریا موڑ کے مقام زیر تعمیر ٹنل کو ہوئے نقصان کے حوالے سے بات کرنے پر ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پرشوتم کمار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٹنل کے جو بیرونی حصے پتھروں کی زد میں آئے، وہاں ٹنل کو تھوڑا بہت نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پتھروں اور پسیوں کی زد میں آئے زیر تعمیر ٹنل کا کام ابھی ابتدائی نوعیت کا ہے اور اسے پرائمری لائنگ کہا جاتا ہے جبکہ ابھی ٹنل کا بہت سارا کام چل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹنل کی مضبوطی کیلئے اس کے اندر تیس سینٹی میٹر کی پرت پر مشتمل کنکریٹ کا کام ابھی ہونا باقی ہے۔