نیوز ڈیسک
سرینگر// پولیس نے منگل کو جموں و کشمیر کے بارہمولہ، بانڈی پورہ اور ریاسی میں 5 افراد کو ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے تحت گرفتار کرلیا ۔اس دوران اونتی پورہ پلوامہ میںایک معاون اور 2مہلوک ملی ٹینٹوں کیخلاف چارج شیٹ داخل کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ وسن پٹن کے محمد اشرف میر، تاپرپٹن کے محمد یاسین بٹ اور وترگام واگورہ کریری کے واسد اشرف صوفی کیخلاف مجاز اتھارٹی سے باضابطہ نظر بندی کے احکامات ملنے کے بعد PSA کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تینوں کو حراست میں لیا گیا اور بعد میں انہیں بالترتیب ڈسٹرکٹ جیل ادھم پور، سنٹرل جیل کوٹ بھلوال جموں اور ڈسٹرکٹ جیل کٹھوعہ میں رکھا گیا۔
پولیس نے کہا کہ ان افراد کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں اور یہ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ادھرسیکورٹی فورسز نے لشکرکے ساتھی کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق بانڈی پورہ پولیس نے 13 راشٹریہ رائفلز اور 45 بٹالین سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ساتھ مشترکہ طور پر بہار آباد حاجن میں لشکر کے ایک ساتھی کو گرفتار کیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے گرفتار ملزمان سے دو چینی دستی بم برآمد کر لیے۔ پولیس نے آرمس ایکٹ اور UA(P) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ۔ادھر ریاسی ضلع میں منگل کو ایک مبینہ مجرم کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ گران موڑ کے رہنے والے مقبول احمد عرف “تیان” کو مجرمانہ سرگرمیوں میں بار بار ملوث ہونے کے پیش نظر ضلع جیل امفلہ جموںمیں بند کیا گیا ۔ملزم کے خلاف 2022 سے اب تک پولیس اسٹیشن ریاسی میں تین الگ الگ مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔دریں اثناءSIU اونتی پورہ نے ایک ملی ٹینٹ ساتھی اور 2مہلوک ملی ٹینٹوںکے خلاف چارج شیٹ پیش کی۔ دہشت گرد عناصر کے خلاف کریک ڈان جاری رکھتے ہوئے، خصوصی تفتیشی یونٹ (SIU) اونتی پورہ نے این آئی اے کورٹ پلوامہ کے سامنے ایف آئی آر نمبر 37/2022 کے سیکشن 7/27 آرمس ایکٹ، 307 آئی پی سی، 16 18، کے تحت چارج شیٹ پیش کی۔ یہ چارج شیٹ ایک ملی ٹینٹ ساتھی سمیر احمد موہند ولد محمد موہند ساکن شیرآباد ترال اور دو مارے گئے ملی ٹینٹوںکے خلاف پیش کی گئی جن میں شفاعت مظفر صوفی ولد مظفر صوفی ساکن بٹہ گنڈ ترال اور عمر نبی تیلی ولد غ نبی تیلی ساکن لدھو پانپور شامل ہیں۔