سرینگر//کمشنر سیکرٹری صنعت و تجارت (آئی اینڈ سی ) وکرم جیت سنگھ نے آج یہاں مشہور کشمیر آرٹس ایمپوریم میں اسٹون آرٹ نمائش کا افتتاح کیا ۔ یہ نمائش مقامی آرٹ اور دستکاری کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتی ہے جو پتھروں کی تراش خراش کے بھر پور ورثے اور کشمیر کے علاقے کی متحرک روح کو یکجا کرتی ہے ۔ نمائش کے دوران ضلع گاندر بل سے تعلق رکھنے والے کشمیر کے مشہور اسٹون آرٹسٹ منظور احمد بٹ نے مجسمے اور آرائشی اشیاء کی متنوع رینج کے ساتھ پیچیدہ طریقے سے تراشے ہوئے پتھر کے نوادرات اور دیگر شاہکاروں کے اپنے شاندار مجموعہ کی نمائش کی ۔
نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد کمشنر سیکرٹری نے روائتی دستکاری کی حمایت اور حوصلہ افزائی کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے اس منفرد فن پارے کو محفوظ رکھنے اور اسے فروغ دینے میں منظور احمد کی غیر معمولی مہارت اور لگن کو سراہا جو صدیوں سے کشمیر کے فنی ورثے کا حصہ ہے ۔ کمشنر سیکرٹری نے مزید کہا کہ کشمیر آرٹس ایمپوریم میں اس اسٹون آرٹ نمائش کا انعقاد خطے میں روائتی فنون اور دستکاری کے شعبے کو زندی کرنے کے حکومت کے وژن کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مقامی فنکاروں کو ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور انہیں اس قسم کے پلیٹ فارم فراہم کئے جا رہے ہیں تا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں ۔ نمائش کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لومز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ یہ نمائش محکمہ کی جانب سے مقامی فنکاروں کو عوام میں مقبول اور فروغ دینے کیلئے شروع کی گئی ۔ نمائش کے دوران کمشنر سیکرٹری نے اسٹون آرٹسٹ منظور احمد بھٹ سے تفصیلی بات چیت کی اور ان سے ان کے تخلیق کردہ شاہکاروں کے بارے میں تفصیل سے بات کی ۔