عشرت حسین بٹ
پونچھ// خطہ پیر پنچال کو وادی سے ملانے والی تاریخی مغل شاہراہ کو 7 روز بعد آمد ورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ مغل روڈ پر رتہ چھم علاقے میں گرآئی پسی کو ہٹانے کا کام اتوار کو مکمل کر لیا گیا تھا جس کے بعد پیر کو شاہراہ پر دو طرفہ ٹریفک بحال کر دیا گیا۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھول دیا گیا تاہم لوگ سفر کے دوران احتیاط کریں۔
انہوں نے لوگوں کو خراب موسمی صورتحال کے درمیان مغل شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کرنے کی تلقین بھی کی ۔حکام نے بتایا کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران متعدد مقامات پر پسیاں اور پتھر گرنے کا خدشہ رہتا ہے اْنہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹروں اور ڈرائیور کو شاہراہ پر ٹریفک حکام کی دی جانے والی ایڈوائزری کے مطابق ہی سفر کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر (مغل روڑ ڈویژن )نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ا توارکو رتہ چھم کے مقام پر بھاری پسی کو مکمل طور پر ہٹا لیا گیا اور سڑک کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے قابل بنا یا گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ ا توارکو شام گئے دو نوںاطراف سے گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ۔ان کا کہنا تھا کہ رتہ چھم کے مقام پر خراب موسم کی وجہ سے رک رک کر پسیوں کا سلسلہ جاری ہے۔