جموں//جموں ضلع کے ہری مارکیٹ کے قریب اپر گمٹ علاقے میں اتوار کو ایک نوجوان کی پراسرار حالت میں ایک ہوٹل کے کمرے میں لاش پائی گئی۔متوفی کی شناخت عمران خان (26سال) ولد محمد اسلم ساکن فتح پور ضلع راجوری کے طور پر کی گئی ہے۔ دعویٰ کیا گیاہے کہ وہ چندی گڑھ کے بی ٹیک تھے۔ذرائع نے بتایا کہ نوجوان راجوری میں اپنے آبائی گاؤں سے جموں آیا تھا۔انہوں نے کہا “نوجوان ہوٹل کے کمرے میں پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا جب ان کے بیٹے کے بار بار موبائل فون کالز کا جواب نہ دینے کے بعد خاندان ہوٹل کے کمرے میں پہنچا”۔پراسرار طور پر مرنے والے نوجوان کی لاش کی برآمدگی کے بعد پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور انہوں نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جی ایم سی جموں کے مردہ خانہ میں منتقل کردیا۔ایک دوست جو متوفی نوجوان کے ساتھ ہوٹل کے کمرے میں تھا فرار ہے (وہ بٹوت کا رہنے والا ہے) اور پولیس نے اس کا سراغ لگانے کے لیے تلاش شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں انکوائری کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
ادھر متوفی لڑکے کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے بیٹے کو قتل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا”اس کا دوست جو ہوٹل کے کمرے میں اس کے ساتھ تھا، فرار ہو گیا ہے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بیٹے کے سر پر چوٹ لگی ہے اور ان کے بیٹے کی لاش مشکوک حالات میں پڑی ہے۔لواحقین کا مزید کہنا تھا کہ ’’ہم نے ہوٹل انتظامیہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج مانگی جو یہ کہہ کر فراہم نہیں کی گئی کہ وہ غیر فعال ہیں۔ اس سے قبل ہوٹل کے ملازمین نے یہ ماننے سے انکار کر دیا تھا کہ ان کے بیٹے نے کمرہ لے لیا ہے لیکن جب ہم دوبارہ پولیس کے ساتھ آئے تو ہمیں ایک کمرے سے ہمارے بیٹے کی لاش ملی۔ اسے متعدد چوٹیں آئی تھیں”۔لواحقین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پولیس نے ہوٹل کا ریکارڈ رجسٹر قبضے میں لے لیا ہے اور ایف ایس ایل کی ٹیم نے ہوٹل کے کمرے سے نمونے بھی لیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا “پولیس ٹیم نے ایک اے ٹی ایم کارڈ اور دو افراد کی شناخت قبضے میں لے لی، جبکہ ہوٹل کا عملہ تسلی بخش جواب دینے سے قاصر رہا”۔