نیوز ڈیسک
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس ماہ کے’ عوام کی آواز‘ ریڈیو پروگرام کے ذریعے، جموں و کشمیر کے شہریوں سے جی 20 ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں ان کی فعال حمایت اور تعاون کے لیے زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’22 مئی سے شروع ہونے والا G20 کا تیسرا ٹورازم ورکنگ گروپ اجلاس جموں کشمیرکے 13 ملین شہریوں کے لیے انمول ثقافت، ورثے، سیاحت اور گرمجوشی سے مہمان نوازی کا ایک تاریخی موقع ہے، تمام شہریوں کو آگے آنا چاہئے اور اس یادگار تقریب کا حصہ بننا چاہئے “۔G20 ممبران عالمی جی ڈی پی کا تقریباً 85%، عالمی تجارت کا 75%، اور دنیا کی 60% سے زیادہ آبادی کی نمائندگی کرتے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس طرح کا اجتماع عالمی سطح پر واسودھیوا کٹمبکم کے مشترکہ وژن کو زبردست فروغ دے گا اور جموں کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی کو تیز کرے گا۔اس امرت کال میں ایک نیا، اتمنیربھر جموں کشمیر کی تعمیر کا ہمارا عزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی 20 اجلاس کا یہ تاریخی موقع جموں کشمیر کی نسلوں کو متاثر کرے گا اور مستقبل کے جموں کشمیر کی تعمیر کے لیے معاشرے میں نیا جوش اور نیا اعتماد پیدا کرے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ، رہائشیوں اور پونے میں مقیم سول سوسائٹی گروپ کو وولر جھیل کے کنارے واقع آرہ گام گائوں کو تبدیل کرنے کے لیے ان کے منفرد اقدام کے لیے سراہا۔انہوں نے کہا کہ آرہ گام کو جلد ہی ملک کے سب سے بڑے بک ولیج میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 6 مختلف زبانوں میں کتابوں کے علاوہ پرانے مسودات اور پینٹنگز بھی لائبریریوں میں دستیاب ہوں گی، جو سیاحوں کو جموں و کشمیر کی قدیم تاریخ اور لوک ثقافت سے متعارف کرائیں گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اننت ناگ کے ساگم گائوں کے کسانوں کو مشک بدجی کی وراثتی فصل کو زندہ کرنے کے لیے مبارکباد پیش کی، جو اس کی خوشبو کے لیے مشہور ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساگم مشک بڈجی فارمرز پروڈیوسر کمپنی کی کاوشیں جموں و کشمیر کی سب سے پسندیدہ اور قیمتی مصنوعات میں سے ایک کی کھیتی کو ایک نیا تقویت فراہم کریں گی۔