نیوز ڈیسک
مہاراشٹرا // وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت مخالف قوتیں’’ہماری پیشرفت اور طاقت کو ہضم کرنے سے قاصر ہیں‘‘ اسے براہ راست سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے جس کیلئے انہوں نے در پردہ جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ملی ٹینٹوں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کررہا ہے، اس کے ساتھ بات چیت کبھی نہیں ہو سکتی۔ چھترپتی سنبھاجی نگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج اس کے لیے اہل اور تیار ہے کہ ہم پر بری نظر ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کامنہ توڑ جواب دیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت، عوام کی حفاظت اور قوم کی یکجہتی، سالمیت اور خودمختاری کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور حکومت ملک کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھنے اور آگے بڑھنے کیلئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔راجناتھ سنگھ نے پاکستان کے نام سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملی ٹینٹوں کو محفوظ پناہ گاہ فراہم کررہا ہے، اسکے ساتھ کیسے بات ہوسکتی ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور نکسل ازم کے خلاف موثر کارروائی کی گئی ہے۔ ملک اندرونی اور بیرونی دونوں محاذوں پر مکمل طور پر محفوظ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اوڑی اور پلوامہ کے واقعات کے بعد ہندوستانی مسلح افواج نے سرجیکل اسٹرائیک اور فضائی حملوں کے ذریعے ایک مضبوط پیغام دیا ہے کہ وہ سرحد کے اندر یا اس کے پار دہشت گردی سے لڑنے اور اسے ختم کرنے کیلئے تیار ہے۔