سمیت بھارگو+مشتاق الحسن
راجوری+ٹنگمرگ //ہندوستانی فوج نے ہفتہ کے روز راجوری ضلع کے کنڈی کیسری ہل علاقے میں جاری مقابلے کے دوران ایک ملی ٹینٹ کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے ، جبکہ ایک کے زخمی ہونے کا شبہ ہے۔ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔مارے گئے ملی ٹینٹ کی لاش سیکورٹی فورسز نے جنگل سے بر آمد کر لی جس کے بعد اسکا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ادھر ضلع بارہمولہ میں 48گھنٹوں کے دوران دوسرا مسلح تصادم ہوا جس میں کولگام کا ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔
راجوری
راجوری کا تصادم جمعہ کی صبح اس وقت شروع ہوا جب ضلع کے کنڈی پولیس اسٹیشن کے تحت آنے والے کیسری ہل علاقے میں محاصرے کے دوران فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان رابطہ قائم ہوا۔فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی فوج کی ایلیٹ اسپیشل فورس کے 6 فوجی اہلکار زخمی ہو گئے جن میں ایک میجر رینک کا افسر بھی شامل تھا، زخمی اہلکاروں میں سے5 زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بعد میں دم توڑ گئے جبکہ میجر کی حالات نازک بنی ہوئی ہے جو آرمی کے کمانڈ ہسپتال میں زیر علاج ہے۔سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے فورا بعد ہی بھاری کمک پہنچائی گئی اور کیسری ہل اور اس کے آس پاس کے 10 مربع کلومیٹر کے علاقے کو فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف نے مل کر گھیرے میں لے لیا ۔فوج نے ہفتہ کی صبح جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں بتایا کہ جمعہ کی صبح ابتدائی فائرنگ کے بعد، جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات تقریباً 1:15 بجے دہشت گردوں کے ساتھ دوبارہ رابطہ قائم ہوا۔بعد ازاں جاری کردہ ایک اور بیان میں فوج نے آپریشن کو ‘آپریشن ترنیترا’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فوج نے جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر گھیرا بندی کرتے ہوئے ملی ٹینٹوں کیساتھ رابطہ قائم کیا۔ فوج نے کہا کہ گولی باری میں، ایک ملی ٹینٹ کو بے اثر کر دیا گیا اور ایک کے زخمی ہونے کا امکان ہے۔فوج کا مزید کہنا تھا کہملی ٹینٹوں، سے ایک اے کے 56 رائفل، چار اے کے 56 میگزین، 56گولیاں، میگزین کے ساتھ ایک نائن ایم ایم پستول، تین دستی بم اور ایک گولہ بارود شامل ہے۔اس دوران علاقے میں آپریشن’ ترنیترا ‘جاری ہے جس میں گولی باری کی کوئی تازہ اطلاع نہیں ہے۔
ٹنگمرگ
پولیس نے بتایا کہ کنزر کے کارہامہ گائوں میں ملی ٹینٹ ایک گھر میں کسی کارروائی کو انجام دینے کی غرض سے چھپے بیٹھے تھے، جس پر پولیس ، 2 آر آر اور سی ار پی ایف 176 بٹالین نے مشترکہ آپریشن کیا۔سنیچر کی صبح جوں ہی فورسز اہلکار مشتبہ گھر کے نزدیک پہنچ گئے، جہاں ملی ٹینٹ کے چھپے ہونے کی اطلاع تھی تو وہاں موجود ملی ٹینٹ نے زبردست فائرنگ کی جس کے ساتھ ہی جھڑپ شروع ہوئی ۔ پولیس نے بعد میں عابد وانی ولد محمد رفیق وانی ساکن یارہول بابا پورہ کولگام نامی ملی ٹینٹ کی ہلاکت کا دعویٰ کیا۔جھڑپ کے اختتام پر ایس ایس پی بارہمولہ اشوک امود ناگپوری نے جھڑپ سے متعلق کہا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی جس پر مشترکہ کارروائی کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ ملی ٹنٹ کو بغیر کسی نقصان کے ہلاک کیا گیا ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ “انکانٹر کے مقام سے 01 AK-47 رائفل سمیت مجرمانہ مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ تمام برآمد شدہ مواد کو مزید تفتیش کے لیے کیس ریکارڈ میں لے لیا گیا ہے”۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ ضلع میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران دو الگ الگ آپریشنز میں لشکرکے 3 ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔یہ تینوں جنوبی کشمیر کے شوپیان اور کولگام سے تعلق رکھتے تھے۔