جاوید اقبال
مینڈھر// پونچھ کے مینڈھر میں جموں و کشمیر بینک برانچ میں چھپ کر مبینہ طور پر رقم اپنے کھاتے میں منتقل کرنے کی کوشش کے دوران ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محمد ابرار نامی شخص پیر اور منگل کی درمیانی شب جموں کشمیر بینک کی مینڈھر برانچ میں چھپ کر مبینہ طور پر کچھ رقم اپنے بینک کھاتے میں منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جس دوران بینک ملازمین کو اس کا سراغ ملا ، ملازمین نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔مینڈھر کے اڑی گاوں کے رہائشی، محمد ابرار کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بینک کا سابق ملازم تھا لیکن اسے دھوکہ دہی میں ملوث ہونے کے الزام میں 2021 میں برطرف کر دیا گیا تھا۔پولیس عہدیدار نے بتایا کہ وہ پیر کے روز بینک کے اوقاتِ کار کے دوران بینک میں داخل ہوا اور ’فالس سیلنگ‘ کے اندر چھپنے میں کامیاب ہوگیا۔جس کے بعد دیر رات اس نے بینک کے سسٹم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ شروع کر دی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ شخص نے مبینہ طور پر رات گئے بینک کے سسٹم سے رقم منتقل کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، بینک کے مرکزی ہیڈ کوارٹر نے رات کے اوقات کے دوران غیر معمولی سرگرمی دیکھی اور متعلقہ برانچ کے عملہ کو آگاہ کیا، جو بعد میں پولیس کے ساتھ بینک پہنچے اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے معلومات کی اس وصولی پر مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر80/23 U/S 457/380/511 IPC 66C IT ایکٹ P/S مینڈھر میں درج ہے۔مزید تفتیش پر یہ بات سامنے آئی کہ ابرار خان سرکاری کھاتوں سے کروڑوں کی ٹرانزیکشن کرنے والا تھا کیونکہ اس کے پاس پہلے سے ہی کئی سرکاری کھاتوں کی تفصیلات موجود تھیں جن میں کروڑوں روپے موجود ہیں اور ساتھ ہی ان لوگوں کی تفصیلات بھی موجود ہیں جن کے پاس رقم ہے۔ اس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس کے پاس جے کے بینک مینڈھر کے بینکنگ سسٹم کا یوزر آئی ڈی اور پاس ورڈ ہے۔مزید افراد کے ملوث ہونے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ کروڑوں کی پوری رقم آسام، کیرالہ اور راجستھان کے بینک کھاتوں میں منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ کیس کی تفتیش میرٹ پر جاری ہے اور فوری کیس میں مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔پی ایس آئی سشیل کمار اور انسپکٹر سجاد، ایس ایچ او مینڈھر کی قیادت میں ٹیم نے ایس ڈی پی او میندھر شیزان بھٹ اور ایس ایس پی پونچھ کی نگرانی میں بڑے مالیاتی لین دین کو روک دیا۔
سابق ملازم بینک میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران گرفتار
