منتظر مومن وانی۔کنزر
ایک طرف رمضان المبارک رخصت ہو کر ہمارا دل کچھ اوجھل سا ہے تو دوسری طرف عید کی خوشیاں ہیں۔چنانچہ عرصۂ دراز سے ہمارے یہاں کے حالات اچھے نہیں ،اور اقتصادی پوزیشن کمزور ہے،جس کے نتیجے میں معاشرے کا ایک بڑا طبقہ مشکلات و مصائب سے دوچار ہے۔ ان حالات میں ہر با ضمیر فرد پر فرض ہے کہ انسانیت کے درد کو محسوس کرکے اپنے وجود کو بیدار رکھیںاور اس عید پر اُن لوگوں کا پُرسان حال اپنےسامنے رکھیں، جو مشکل حالات کے سبب زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔اس عید پراُن ماوئوں کو بھی یاد رکھیں جو اپنے لخت جگروں کی یاد میں آج بھی آہ وزاری کررہی ہیں۔اس عید اُن بے بسوں کی بھی فکر کرنا لازمی ہے جو زندگی کے جنگ سے اب بہت تنگ نظر آتے ہیں۔اُن بہنوں کی بھی فکرکرنی ضروری ہے جن کے ہاتھ غربت اور لاچاری کے سبب مہندی کے لیے ترس رہے ہیں۔وہ یتیم بھی ہمارے لیے محترم ہے جو عید کے صبح اپنے ابّا کی راہیں تکتے رہتے ہیں۔ ان لوگوں کو بھی نظروں میں رکھنا ہے جو مظلوم بن کر قید خانوں میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں مصروف ہیں۔یہ عید ہمدردی اور انسانیت کے احترام و محبت کا درس دیتی ہے،جب انسانیت کی فکر ہمارے اندر موجود ہوگی تبھی ہم زندہ دل اور زندہ ضمیر ہونے کا دعویٰ دار ہوسکتے ہیں۔اس لئے دکھاوے کا تماشہ چھوڑ کر اللہ کی رضا کے خاطر اپنے اِرد گرد میں موجود لاچاروں اور مجبوروں کی مدد کریں اور ملت کی درد کا احساس اپنے اندر بیدار کریں گے۔
فضول خرچی کی بُرائی کو چھوڑ کر ضرورت مندوںکی حاجت روائی کرکےانہیں عیدکی خوشی میں شامل کریں۔ اپنے بچوں کو بھی اس عید پر فضول کاموں سے روکیں اور انہیں عید کی حقیقی خوشی اورمقصد کا درس اور تربیت دے کر انہیں مسلم صفت بنائیں۔ رنگ دار اور قسم بہ قسم پکوان پکوانے سے قبل ضرورت مندوں کے لئے کچھ کرنے کا سامان کریں۔ تب جاکر ہم رمضان المبارک کےاصل مقصد پانے کے حقدار بن سکتےہیں۔بغور جائزہ لیجئے، مختلف مسائل کے سبب ہر دِل آزردہ ہے، عید کے موقعے پر اُن غم زدہ لوگوں کی دلجوئی کرنا بھی ضروری ہے۔اس عید پرہم اپنے غم ،دُکھ، آہیں اور تمام مجروح جذبات کو اپنے حقیقی خالق و مالک کے سامنے اِسی امید کے ساتھ ڈالیںکہ ہمارے اس وادیٔ گلشن کی کسی بھی ڈالی پر خزاں کی صورت حال ٹل جائے اور ہر کلی پر بہار آجائے۔ اپنے اللہ کی بارگاہ میں اس عید یہی فریاد کرنا کہ”ربنا ظلمنا انفسنا وان لم تغفرلنا وترحمنا لنکونن من الخاسرین ” اللہ سے دعا ہے کہ یہ عید ہم سب کے لیے امن وسکون اور ترقی و خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔آمین
(رابطہ۔9797217232)
[email protected]