سرینگر// اپنی پارٹی قائد سید محمد الطاف بخاری نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں شب قدر کو اجتماعی عبادت کی اجازت دیئے جانے کے انتظامیہ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ مسلمانوں کے اس تایخی مرکز میں عید الفطر کی نماز کی ادائیگی پر بھی کوئی قدغن نہیں ہوگی۔ ایک بیان میں سید محمد الطاف بخاری نے کہا، یہ بات باعث مسرت و اطمینان ہے کہ انتظامیہ نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد، جو کشمیری مسلمانوں کے لئے صدیوں سے ایک روحانی مرکز رہا ہے، میں شب قدر کو اجتماعی عبادت کی اجازت دے دی۔ انتظامیہ کا یہ رویہ قابل سراہنا ہے۔انہوں نے مزید کہا، مجھے خوشی ہے کہ انتظامیہ نے اس معاملے میں اپنے رویے میں تبدیلی لائی ہے اور مجھے امید ہے کہ عوام کے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت عید الفطر کے مبارک موقع پر بھی یہی طرز عمل اپنائے گی۔